غزہ سے... متاثرہ خاندانوں کی مدد میں حرم مقدس حسینی کے کردار کو سراہا گیا

غزہ پٹی میں الباقیات الصالحات ایسوسی ایشن کے صدر محمد یوسف نے مقدس حسینی آستانے کی جانب سے گزشتہ عرصے میں پٹی میں فراہم کی گئی انسانیت نواز امداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے مشکل ترین حالات میں شہریوں کی مدد اور ان کے حوصلے بلند کرنے میں گہرا اثر چھوڑا ہے۔  

یوسف نے کہا، غزہ کے باشندوں کے لیے مقدس حسینی آستانے کی امداد کی بہت زیادہ اہمیت رہی ہے۔ غزہ پٹی پر مسلط محاصرے کے باعث زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم خاندانوں کے استقامت میں اس امداد نے واضح کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا، یہ امداد رہائشی خیموں، بنیادی غذائی اشیاء اور مالی معاونت پر مشتمل تھی جس نے متاثرہ خاندانوں کو روزگار کے مواقع ختم ہونے اور مالی وسائل منقطع ہونے کے باوجود اپنی ضروریات پوری کرنے میں مدد دی۔ 

انہوں نے واضح کیا، ان انسانیت نواز اقدامات نے نہ صرف شہریوں کے حوصلے بلند کیے بلکہ عراقی بھائیوں کی طرف سے فلسطینی عوام کے ساتھ مضبوط یکجہتی کا پیغام دیا، جو اس بات کی تصدیق ہے کہ فلسطینی عوام اس مصیبت میں تنہا نہیں ہیں۔

حرم مقدس حسینی مسلسل غزہ پٹی کے فلسطینی عوام کو انسانی امداد فراہم کر رہا ہے۔ گزشتہ دنوں آستانے نے بے گھر فلسطینی خاندانوں کے لیے رہائشی کیمپ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ غزہ پٹی کے شہداء کے 200 یتیم بچوں کی کفالت کا بھی اہتمام کیا ہے۔ یہ اقدام مظلوم اقوام کے ساتھ یکجہتی کا ایک واضح پیغام ہے۔