حرم مقدس حسینی کی جانب سے لبنانی عوام کی مدد کے لئے شام میں موجود امدادی وفد نے اعلان کیا ہے کہ لبنانی خاندانوں کی مدد کے لئے دوسری انسانی امدادی قافلہ شام کے کئی علاقوں میں پہنچ چکا ہے۔
وفد کے سربراہ، جناب احمد حسن فہد نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "شام میں موجود حرم مقدس حسینی کے لبنانی عوام کی امداد کے وفد نے کربلا مقدسہ سے بھیجی جانے والی دوسری انسانی امدادی قافلہ کی کھیپ وصول کی ہے، جس کا مقصد شام میں آنے والے لبنانی خاندانوں میں اس کا تقسیم کرنا ہے۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ "شام پہنچنے والے امدادی ٹرکوں کی تعداد (29) ہے، جو غذائی اشیاء، فرش، کمبل اور دیگر ضروریات سے لدی ہوئی ہیں، جو لبنانی عوام کی مدد اور امداد میں معاون ثابت ہوں گی۔"
انہوں نے وضاحت کی کہ "کھیپ کو سیدہ زینب علیہا السلام کے علاقے میں کرائے پرلئے گئے گوداموں میں جمع کرایا گیا ہے اور اسے وہاں آنے والے لبنانی افراد میں تقسیم کیا جائے گا، اس کے علاوہ حمص صوبے میں بھی اس کھیپ کا کچھ حصہ تقسیم کیا جائے گا۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ "وفد نے حمص صوبے کا دورہ کیا اور وہاں کی تمام ضروریات کا اندراج کیا، اور آنے والے دنوں میں وہاں آنے والے لبنانی خاندانوں کو ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔"
انہوں نے اشارہ کیا کہ "حرم مقدس حسینی نے حمص صوبے میں کئی کوآرڈینیٹرز کے ساتھ رابطہ کیا ہوا ہے، جہاں لبنانی مہاجرین کی تعداد تقریباً (20) ہزار افراد ہے۔"
یہ بات قابل ذکر ہے کہ حرم مقدس حسینی نے، مرجعیت دینیہ عالیہ کے نمائندے اور اس کے متولی شرعی شیخ عبدالمہدی کربلائی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، لبنانی عوام کی مدد کے لئے بحران سیل قائم کیا ہے، اور زائرین کے شہروں میں متاثرہ خاندانوں کی میزبانی کے لئے اپنے دروازے کھولے ہیں اور انہیں تمام ضروری خدمات فراہم کی ہیں۔ نیز مرجعیت دینیہ عالیہ کے بیان کی تعمیل میں لبنانی عوام کے لئے طبی اور انسانی امدادی مہم کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔