امام الہادی(علیہ السلام) مرکز برائے عضلات و اعصاب کی خرابی، جو کہ حرم مقدس حسینی کی صحت و طبی تعلیم کی اتھارٹی کے زیر انتظام ہے، نے مریضوں کو اعلیٰ معیار کی مکمل طبی خدمات کی فراہمی کے لیے "اریگو پرو" (Erigo Pro) اور "روبوٹ گائٹ" (Ropo Gait) جیسی جدید مشینوں کی دستیابی کا اعلان کیا ہے۔
مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صالح الجابری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "عراق میں پہلی مرتبہ امام الہادی(علیہ السلام) مرکز برائے عضلات و اعصاب کی خرابی، حرم مقدس حسینی کی صحت و طبی تعلیم کی اتھارٹی کے زیر انتظام، 'اریگو پرو' (Erigo Pro) اور 'روبوٹ گائٹ' (Ropo Gait) کی دستیابی کا اعلان کر رہا ہے تاکہ مریضوں کو اعلیٰ معیار کی مکمل طبی خدمات فراہم کی جا سکیں"۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اریگو پرو (Erigo Pro) کی سب سے اہم خصوصیات میں ابتدائی مرحلے میں محفوظ ماحول کی فراہمی شامل ہے، جو دماغی و عصبی چوٹوں کے علاج کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ یہ چوٹوں کی بحالی کے لیے استعمال ہوتا ہے جس میں مریض کی حالت مستحکم ہونے پر 48 گھنٹوں کے بعد عمودی زاویے پر مریض کی پوزیشن کی تبدیلی، پیروں کی حرکت کو چلنے کی مشابہت دینا، اور عضلات کی الیکٹریکل اسٹیمیولیشن شامل ہیں"۔ انہوں نے بتایا کہ "یہ مشین نہ صرف اعصابی اور حرکی نظام کی بحالی میں مدد دیتی ہے بلکہ قلبی و عروقی نظام کی بھی معاونت کرتی ہے"۔
انہوں نے وضاحت کی کہ "ان مشینوں سے فائدہ اٹھانے والے مریضوں میں فالج کے مریض، دماغی خونریزی کے مریض، ریڑھ کی ہڈی کی چوٹوں کے مریض، اور چہار طرفہ فالج کے مریض شامل ہیں"۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ حرم مقدس حسینی عالمی سطح کی مہارتوں کو اپنے ادارے میں شامل کرنے کے ساتھ جدید ترین طبی مشینوں کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ امام الہادی(علیہ السلام) مرکز برائے عضلات و اعصاب کی خرابی میں عالمی معیار کی طبی مشینیں اور ماہرین موجود ہیں تاکہ عراقی مریضوں کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔