حرم مقدس حسینی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے 18ویں بین الاقوامی "ربیع الشہادت" سیمینار کی انتظامی کمیٹی کے باقاعدہ اجلاس جاری ہیں تاکہ آئندہ ماہ شعبان 1447ھ کے آغاز میں، امام حسین علیہ السلام کے جشنِ ولادت کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کے انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
کمیٹی کے رکن اور حرم مقدس حسینی کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ، جناب عبد الامیر طہ المطوری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "انتظامی کمیٹی اپنے متواتر اجلاسوں میں ان تمام تنظیمی امور کا جائزہ لے رہی ہے جو امام حسین علیہ السلام کے یومِ ولادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی سیمینار کے لیے ضروری ہیں۔"
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ: "ان اجلاسوں کا مقصد سیمینار کی فکری، ثقافتی اور مرکزی تقریبات کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ اس کے علاوہ تحقیقی نشستوں، قرآنی محافل اور شعری نشستوں کے طریقہ کار کو متعین کرنا ہے جو نہضتِ حسینی کی اقدار اور اس کے عالمی پیغام کو اجاگر کرتے ہیں۔"
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ: "بین الاقوامی ربیع الشہادت سیمینارکربلا کی اہم ترین سالانہ سرگرمیوں میں سے ایک ہے جس میں مختلف ممالک سے مذہبی اور تعلیمی شخصیات شرکت کرتی ہیں۔ اس کا مقصد ثقافتی اور مذہبی شعور کو فروغ دینا اور ان انسانی اقدار کو عام کرنا ہے جو امام حسین علیہ السلام کے انقلاب کا خاصہ ہیں۔"
واضح رہے کہ انتظامی کمیٹی نے حال ہی میں عراق کے اندر اور باہر مختلف مذہبی اور سرکاری اداروں کا دورہ کر کے انہیں 18ویں ربیع الشہادت سیمینار میں شرکت کے باقاعدہ دعوت نامے بھیجے ہیں۔ یہ سیمینار ان شاء اللہ شعبان المعظم 1447ھ کے اوائل میں شروع ہوگا۔
