حرم مقدس حسینی کے متولی علامہ شیخ عبدالمہدی کربلائی کی طرف سے ضرورت مند خاندان کے گھر کی مرمت

ولادتِ کریمِ اہلِ بیت (علیہم السلام) کے موقع پر، مرجعِ دینی اعلیٰ کے نمائندے شیخ عبد المہدی کربلائی نے ایک مستحق خاندان کو نئے گھر کی چابیاں پیش کیں۔ یہ گھر کربلا میں موجود مرجع اعلیٰ سید علی سیستانی کے نمائندہ دفتر کی جانب سے جدید طرز پر دوبارہ تعمیر کیا گیا تاکہ یہ گھرانہ عزت و وقار سے یہاں زندگی بسر کرسکے۔

روضۂ حسینی کے شعبۂ مذہبی امور کے شیخ علی مکی العصامی نے کہا کہ:

"امام حسن مجتبیٰ (علیہ السلام) کی ولادت باسعادت کے مبارک موقع پر، ہم نے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے نسبت رکھنے والے اس خاندان کو گھر کا تحفہ پیش کیا ہے۔ یہ گھر پہلے خستہ حال اور قابلِ رہائش نہ تھا، جسے ازسرنو جدید انداز میں تعمیر کرنے کے لیے خصوصی ہدایت جاری ہوئی۔ اس سلسلے میں کربلا میں موجود مرجع اعلیٰ آیت اللہ سید علی سیستانی کے نمائندہ دفتر اور نیک دل مخیر حضرات نے مل کر اسے شاندار شکل میں تعمیر کیا ہے۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ:

"اس گھر کی تعمیر میں بہترین ڈیزائن، بنیادی سہولیات اور معیاری تعمیراتی مواد استعمال کیا گیا ہے تاکہ یہ اس خاندان کے لیے زخموں پر مرہم اور دیگر فلاحی اداروں کے لیے مثال بنے کہ مستحق خاندانوں کے لیے کس طرح بہترین رہائش کا انتظام کیا جائے۔"

واضح رہے کہ روضۂ حسینی مبارک متعدد مواقع، خصوصاً ماہِ رمضان المبارک میں، ضرورت مند خاندانوں، شہداء کے اہل خانہ، یتیموں اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے مسلسل امدادی پروگرام منعقد کرتا رہتا ہے۔