گردے کے ٹیومر کا معالجہ ۔۔۔۔ حرم مقدس حسینی کے تابع ہسپتال میں کامیاب آپریشن

سفیرِ امام حسین علیہ السلام سرجیکل ہسپتال نے اعلان کیا ہے کہ ایک طبی ٹیم نے کربلا کے رہائشی شخص کا کامیاب انتہائی پیچیدہ سرجری آپریشن انجام دیا ہے، جس کے تمام تر اخراجات روضۂ حسینی نے ادا کیے ہیں۔

ہسپتال کے معاونِ انتظامی انجینئر عباس عبد علی نے کہا کہ:

"سفیرِ امام حسین علیہ السلام سرجیکل ہسپتال کی طبی ٹیم نے کربلا کے ایک شخص کا مفت سرجری آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔ یہ آپریشن اُن کئی آپریشنز میں سے ایک ہے جو یہاں مسلسل کیے جاتے ہیں اور جنہیں انتہائی پیچیدہ اور بڑے آپریشنز (فوق الکبریٰ) کے زمرے میں شمار کیا جاتا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ:

"روضۂ حسینی کی طرف سے نمائندۂ مرجعیتِ دینی اعلیٰ شیخ عبد المہدی کربلائی کی خصوصی ہدایات کے تحت یہ تمام آپریشن اور دیگر طبی خدمات مریضوں کو بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔"

انہوں نے واضح کیا کہ:

"یہ آپریشن گردہ نکالنے اور نچلی بڑی ورید (Inferior Vena Cava) کو کھولنے پر مشتمل تھا، جسے ایک ماہر اور تجربہ کار طبی ٹیم نے کامیابی سے مکمل کیا۔"

اسی حوالے سے ہسپتال کے ماہرِ امراضِ گردہ و پیشاب ڈاکٹر علی ابو طحین نے بتایا کہ:

"40 سالہ مریض عقیل کے گردے میں تقریباً 15 سینٹی میٹر حجم کا بہت بڑا ٹیومر تھا، جو جگر کے ساتھ چپکا ہوا تھا اور گردے کی ورید کے ذریعے نچلی بڑی ورید (جو پورے جسم سے دل تک خون پہنچاتی ہے) تک پھیلا ہوا تھا۔ دل اور خون کی شریانوں کے ماہرین کے تعاون سے پہلے ٹیومر کو ورید سے ہٹایا گیا اور پھر گردہ مکمل طور پر نکال دیا گیا، جس کے بعد آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔"

انہوں نے بتایا کہ یہ آپریشن انتہائی نایاب اور کم ہونے والے آپریشنز میں سے ہے، جس کی کامیابی کا تناسب تقریباً 50 فیصد ہوتا ہے۔