عراق میں اپنی نوعیت کی پہلی طبی مشین کی حرم مقدس حسینی کے ہسپتال میں فراہم

حضرت سیدہ خدیجہ الکبریٰ (علیہا السلام) کے تخصصی ہسپتال برائے خواتین، جو روضۂ حسینی کے ادارۂ صحت و طبی تعلیم سے وابستہ ہے، نے دل اور جگر میں لوہے (Iron) کے جمع ہونے کی شرح معلوم کرنے کے لیے (R2 T2) ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سہولت دائمی خون کی کمی (Chronic anemia) کے ان مریضوں کے لیے ہے جنہیں مسلسل خون لگوانے کی ضرورت پڑتی ہے۔

ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر بیداء ابراہیم سلمان نے کہا کہ "روضۂ حسینی کے ادارۂ صحت و طبی تعلیم سے منسلک حضرت سیدہ خدیجہ الکبریٰ (علیہا السلام) کے تخصصی خواتین ہسپتال نے دل اور جگر میں لوہے کی مقدار جانچنے والی (R2 T2) ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جو اُن مریضوں کے لیے مخصوص ہے جو مستقل خون لگوانے کے محتاج ہیں۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ "یہ جدید ٹیکنالوجی مستند سائنسی طریقوں پر مبنی ہے اور اس کے ذریعے دل اور جگر میں لوہے کے ذخائر کا درست اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس ٹیسٹ کا مقصد دل اور جگر کو لوہے کی زیادتی سے پیدا ہونے والے نقصان سے محفوظ رکھنا ہے، جس سے صحت کی دیکھ بھال کا معیار بہتر ہوگا اور سنگین پیچیدگیوں سے بچاؤ ممکن ہو گا۔"

واضح رہے کہ روضۂ حسینی، مرجعِ عالیقدر کے نمائندے اور حرم کے متولی شرعی شیخ عبد المہدی کربلائی کی ہدایات کے مطابق، صحت کے شعبے سمیت متعدد سماجی خدمت کے منصوبے چلا رہا ہے۔ اس کے تحت ملک بھر سے بالخصوص شہداء کے خاندانوں، غریبوں اور کم آمدنی والے افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔