حرم مقدس حسینی کے شعبہ ترقی و سماجی تربیت برائے نوجوانان کا ذیلی ادارہ، شعبہ ترقیِ اجتماعی، رمضان المبارک کے دوران ہر جمعرات کو کربلائے مقدسہ میں مقام امام مہدیؑ کے قریب "استراحۃ الزائر التنمویہ" (زائر کا تربیتی استراحتی پروگرام) کا انعقاد کر رہا ہے جس میں ہر عمر کے زائرین شریک ہوتے ہیں۔
شعبے کے سربراہ جناب علی زکی التمیمی نے بتایا کہ یہ پروگرام زائرین میں سماجی اور ثقافتی شعور بڑھانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ استراحۃ الزائر میں مختلف سرگرمیاں شامل ہیں جن کا مقصد زائرین کے وقت کو مفید انداز میں استعمال کرنا ہے۔ اس میں عمومی سوالات اور درست جواب دینے والوں کو انعامات دینے کے علاوہ بچوں کے لیے ڈرائنگ اور رنگ بھرنے کے سٹال شامل ہیں تاکہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کے اہم حصوں میں سے ایک "برنامج رسوخ" ہے جو براہ راست سماجی مسائل سنتا ہے اور عملی حل کے ذریعے ان پر گفتگو کرتا ہے۔
شرکاء نے اس قسم کے ترقیاتی پروگراموں کے مسلسل انعقاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام ایک ذمہ دار اور باشعور نسل تیار کرنے میں مددگار ہیں جو معاشرے کی ترقی اور مسائل کے حل میں کردار ادا کر سکتی ہے۔