حرم مقدس حسینی کے ادارہ صحت و طبی تعلیم سے منسلک خدیجۃ الکبریٰ (علیہا السلام) ویمن اسپیشلسٹ ہسپتال نے جدید اینڈوسکوپک (ناظور) ٹیکنالوجی کے ذریعے مثانے سے رسولی (ٹیومر) نکالنے کا کامیاب آپریشن کیا ہے، جس میں سرجری کے لیے کوئی چیرا لگانے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
ہسپتال کی یورولوجی اسپیشلسٹ ڈاکٹر زہرا ظاہر نے سرکاری ویب سائٹ کو بتایا کہ "مریضہ دیالی صوبے سے تعلق رکھتی ہیں، ان کی عمر تقریباً ستر سال ہے اور انہیں دو ہفتے سے پیشاب میں خون آنے کی شکایت تھی۔ طبی معائنے اور ریڈیالوجی ٹیسٹ کے بعد ان کے مثانے میں ایک رسولی کی موجودگی کا انکشاف ہوا، جسے مکمل طور پر اینڈوسکوپی کے ذریعے، بغیر کسی آپریشن کے، کامیابی سے نکال دیا گیا ہے۔"
واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی نمائندۂ اعلیٰ دینی مرجعیت اور شرعی متولی شیخ عبدالمہدی الکربلائی کی ہدایات کی روشنی میں صحت سمیت متعدد عوامی فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ خاص طور پر شہداء کے خاندانوں، غریبوں اور محدود آمدنی والے افراد کو پورے عراق میں مفت طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔