قرآنی اور نبوی تعلیمات کی اقدار کو تعلیمی اداروں میں فروغ دینے کے سلسلے میں، حرم مقدس حسینی کے شعبہ دارالقرآن الکریم نے دیالی یونیورسٹی کے کالج آف اسلامی علوم کے تعاون سے ایک علمی نشست کا انعقاد کیا، جس کا عنوان تھا: ’’تربیت و تعلیم میں اسلامی منہج؛ رسول اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ کی سیرت بطور نمونہ‘‘۔ یہ نشست جامعات میں قرآنی منصوبے کی سرگرمیوں کا حصہ تھی۔
شعبہ دارالقرآن الکریم کے مرکزِ اطلاعاتِ قرآنی کے ذمہ دار استاد وسام نذیر الدلفی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس نشست کا مقصد انسان کی تعمیر و تربیت میں نبوی منہج کو اجاگر کرنا اور سیرتِ نبویؐ میں موجود ان تربیتی اور تعلیمی اصولوں و اقدار کا جائزہ لینا تھا جن سے عصرِ حاضر کے تعلیمی ماحول میں استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ نشست میں سیرتِ نبویؐ کے متعدد تربیتی اصولوں پر گفتگو کی گئی، جن میں بہترین نمونۂ عمل، مکالمہ، نرمی اور انفرادی صلاحیتوں و اختلافات کا لحاظ رکھنا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تعلیمی ماحول کی بہتری اور یونیورسٹی کے طلبہ کی شخصیت سازی میں ان اصولوں کو بروئے کار لانے کی اہمیت بھی بیان کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نشست میں مختلف تعلیمی اور تفاعلی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں ایک قرآنی معلوماتی مقابلہ بھی شامل تھا۔ اس کے ذریعے طلبہ کو شرکت، سوالات کرنے اور اپنے علمی معلومات کو جانچنے کا موقع فراہم کیا گیا، جس سے نشست کے ماحول میں مزید دلچسپی پیدا ہوئی اور طلبہ کی موضوعات کے ساتھ وابستگی میں اضافہ ہوا۔
یہ سرگرمی شعبہ دارالقرآن الکریم کی جانب سے جامعات اور علمی اداروں میں منعقد کیے جانے والے علمی و ثقافتی پروگراموں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، جن کا مقصد جامعات کے ساتھ روابط کو فروغ دینا، قرآنی شعور بیدار کرنا اور سیرتِ نبویؐ سے ماخوذ اخلاقی و تربیتی اقدار کو مستحکم کرنا ہے، تاکہ ایسی باشعور جامعاتی شخصیت کی تشکیل میں مدد ملے جو علم کے ساتھ بہترین کردار و عمل کی بھی حامل ہو۔
