حرم مقدس حسینی کے زیر اہتمام مستشفى السيدة خديجة الكبرىؑ کا پہلا بین الاقوامی سائنسی طبی کانفرنس 20 اور 21 نومبر کو کربلا میں منعقد ہوگا

حرم مقدس حسینی کے زیرِ اہتمام خواتین کے لیے خصوصی اسپتال حضرت خدیجہ کبریٰؑ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی پہلی بین الاقوامی سائنسی طبی کانفرنس کے انعقاد کے لیے تمام انتظامی، علمی، فنی اور لاجسٹک تیاریاں مکمل کر چکا ہے۔ یہ کانفرنس 20 اور 21 نومبر 2026 کو مقدس شہر کربلا میں منعقد ہوگی، جس کا عنوان ہے: ’’خواتین اور بچوں کے بہتر صحت مند مستقبل کی جانب ایک راستہ‘‘۔

اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر بیداء التمیمی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کانفرنس حرم مقدس حسینی کے جنرل سیکریٹریٹ کی سرپرستی میں، جامعہ السبطینؑ برائے طبی علوم کی میزبانی اور جامعہ کربلا کے میڈیکل کالج کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے، جس میں عراق کے اندرون و بیرون ملک سے ممتاز ڈاکٹروں، محققین اور ماہرین تعلیم کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ کانفرنس میں ایک خصوصی علمی پروگرام شامل ہوگا، جس میں متعدد اہم طبی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان میں چھاتی کی صحت، چھاتی کا سرطان، بچوں کی صحت اور رحم کی اندرونی جھلی کا اپنی جگہ سے باہر نشوونما پانا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ طبِ داخلی، جراحی، ہڈیوں اور جوڑوں، جلدی امراض اور نفسیاتی امراض سمیت دیگر طبی شعبوں میں تحقیقی مقالے اور طبی کیسز بھی زیرِ بحث آئیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کانفرنس کے دوران علمی لیکچرز، خصوصی نشستیں اور طبی کیسز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جن میں ماہرین، اساتذہ اور سینئر مشاورتی ڈاکٹروں کی شرکت ہوگی۔ اس کا مقصد طبی تجربات کے تبادلے، سائنسی پیش رفت پر گفتگو اور جدید طبی طریقہ ہائے علاج سے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔

یہ کانفرنس حرم مقدس حسینی کی جانب سے سائنسی تحقیق کی حمایت، صحت کے اداروں کی ترقی اور جامعات و علمی مراکز کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس سے علمی و طبی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور خواتین و بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ یہ کانفرنس اسپتال حضرت خدیجہ کبریٰؑ کی ترقی کے سفر میں ایک اہم علمی سنگِ میل ثابت ہوگی اور طبی و علمی ماہرین کو ایک جگہ جمع ہونے، اپنے تجربات کے تبادلے اور ایسی تجاویز و سفارشات مرتب کرنے کا موقع فراہم کرے گی جو طبی طریقہ کار کی ترقی اور خواتین و بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی نگہداشت کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔ یہ اقدام معاشرے کی خدمت کے لیے اسپتال کے مشن سے ہم آہنگ ہے۔