حرم مقدس حسینی کی جانب سے نجف اشرف کے دور افتادہ علاقے ’’ناحیہ الشبکہ‘‘ میں 12 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل طبی وفد روانہ

اعلیٰ دینی مرجعیت کے نمائندے شیخ عبدالمہدی کربلائی کی ہدایت پر حرم مقدس حسینی نے امام حسین علیہ السلام سرجیکل ہسپتال سے ایک طبی وفد صوبہ نجف اشرف کے دور افتادہ علاقے ناحیہ الشبکہ روانہ کیا ہے، تاکہ وہاں کے رہائشیوں اور آس پاس کے دیہات میں مقیم افراد کو طبی اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

یہ علاقہ مغربی صحرائے نجف اشرف میں واقع ہے اور عراقی سعودی سرحد سے تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

ہسپتال کے انتظامی امور کے سربراہ انجینئر عباس عبد العلی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طبی وفد میں 9 مختلف طبی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 12 ڈاکٹرز شامل ہیں، جن کے ساتھ نرسنگ اور معاون طبی عملہ بھی موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفد کے ہمراہ مریضوں کے معائنے اور تشخیص کے لیے ضروری ادویات، طبی آلات اور لیبارٹری کا سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔

انجینئر عباس عبد العلی کے مطابق یہ اقدام اعلیٰ دینی مرجعیت کے نمائندے کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے دور افتادہ علاقوں میں صحت کی صورتِ حال کا جائزہ لینے اور وہاں کے رہائشیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ناحیہ الشبکہ اور اس کے گردونواح کے دیہات کی مجموعی آبادی تقریباً 1600 افراد پر مشتمل ہے، جہاں طبی سہولیات محدود ہیں۔ دشوار گزار راستوں اور طویل فاصلے کے باعث مقامی شہریوں کو طبی مراکز تک پہنچنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ طبی ٹیم نے علاقے کے رہائشیوں کا معائنہ کیا اور ایسے متعدد مریضوں کی نشاندہی کی جنہیں آپریشن کی ضرورت ہے۔ ان مریضوں کو امام حسین علیہ السلام سرجیکل ہسپتال میں آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ طبی ٹیم کے بعض ڈاکٹروں نے ایسے مریضوں کے گھروں کا بھی دورہ کیا جو اپنی بیماری یا جسمانی مشکلات کے باعث صحت مرکز تک پہنچنے سے قاصر تھے، جہاں انہیں ضروری طبی معائنہ اور ہنگامی طبی امداد فراہم کی گئی۔

واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی، اعلیٰ دینی مرجعیت کے نمائندے کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عراق کے مختلف علاقوں تک طبی سہولیات پہنچانے کا اہتمام کرتا ہے، خواہ وہ علاقے اس کے طبی اداروں کے قریب ہوں یا دور۔ یہ اقدام اعلیٰ دینی مرجعیت کے اس انسانی اور فلاحی مشن کا حصہ ہے جس کا مقصد تمام شہریوں کی بلاامتیاز خدمت اور انہیں صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

منسلکات