اعلیٰ دینی مرجعیت کے نمائندہ دفتر سے وابستہ اور حرم مقدس حسینی کی نگرانی میں کام کرنے والے مجمع امام حسین علیہ السلام میڈیکل کمپلیکس نے مختلف طبی شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں مریضوں کو صرف 6 ہزار عراقی دینار کی معمولی فیس میں طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا اور علاج معالجے کے اخراجات کے باعث مریضوں پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔
میڈیکل کمپلیکس کے انتظامی امور کے نگران جناب عباس عبد العلی نے سرکاری ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں امام حسین علیہ السلام سرجیکل ہسپتال سے 10 ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جن کے پاس مختلف طبی شعبوں میں اعلیٰ تخصصی اسناد موجود ہیں۔
ان ڈاکٹروں میں جنرل سرجری، یورولوجی اور ناک، کان و گلے کے امراض کے ماہرین شامل ہیں، جنہوں نے میڈیکل کمپلیکس میں مریضوں کو طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنے وقت کا ایک حصہ مختص کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کمپلیکس کو اعلیٰ دینی مرجعیت کے نمائندے شیخ عبدالمہدی کربلائی کی سرپرستی اور معاونت حاصل ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو کم خرچ میں طبی سہولیات فراہم کرنا اور نجی کلینکس میں علاج کے بھاری اخراجات سے انہیں بچانا ہے۔
جناب عباس عبد العلی نے بتایا کہ کمپلیکس میں بچوں کے امراض اور امراضِ چشم سمیت دیگر طبی شعبوں کی سہولیات بھی موجود ہیں، جبکہ مختلف تخصصی اور معاون طبی ٹیسٹوں کا بھی انتظام ہے۔
انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ آئندہ مراحل میں مزید ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے کا عمل جاری رہے گا، تاکہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ طبی خدمات تمام مریضوں کے لیے بلااستثنا اور بغیر کسی امتیاز کے دستیاب ہیں۔ یہ اقدام حرم مقدس حسینی کی جانب سے شعبۂ صحت کی معاونت اور کربلائے مقدسہ سمیت عراق کے مختلف صوبوں کے شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
