حرم مقدس حسینی کی جانب سے ’’قرآنی انسائیکلوپیڈیا اہل بیتؑ‘‘ کی اسمارٹ فون ایپلی کیشن جلد متعارف کرانے کا اعلان

حرم مقدس حسینی کے دارالقرآن الکریم نے اعلان کیا ہے کہ ’’قرآنی انسائیکلوپیڈیا اہل بیت علیہم السلام‘‘ کی الیکٹرانک ایپلی کیشن جلد ہی اسمارٹ فونز کے لیے متعارف کرائی جائے گی۔

اس منصوبے کا مقصد تحقیقی اور علمی ذرائع کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور محققین، ماہرینِ تعلیم اور دینی علوم کے طلبہ کے لیے انسائیکلوپیڈیا کے علمی مواد اور تحقیقی مضامین تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔

قرآنی میڈیا سینٹر کے مدیر جناب وسام نذیر الدلفی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس کے تحت ’’قرآنی انسائیکلوپیڈیا اہل بیتؑ‘‘ کی الیکٹرانک ایپلی کیشن کی تیاری مکمل کرکے اسے متعارف کرانے کے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دارالقرآن الکریم کی یہ کوشش تحقیق کے عمل کو تیز بنانے، معلومات تک فوری رسائی فراہم کرنے اور اہل بیت علیہم السلام کے علمی و تراثی ذخیرے سے متعلق قرآنی مطالعات کی معاونت کے لیے کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ایپلی کیشن اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں آپریٹنگ سسٹمز پر دستیاب ہوگی، جس کے ذریعے محققین اور اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والے افراد بآسانی انسائیکلوپیڈیا کے علمی مواد سے استفادہ کر سکیں گے۔

جناب وسام الدلفی کے مطابق اس ایپلی کیشن کی نمایاں خصوصیات میں جدید مصنوعی ذہانت (AI) ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ یہ عربی، فرانسیسی اور انگریزی سمیت متعدد زبانوں کی لغات کی سہولت فراہم کرے گی، جس سے عراق اور بیرونِ ملک محققین اور علمی حلقوں کے لیے اس سے استفادے کے امکانات مزید وسیع ہوں گے۔

یہ اقدام حرم مقدس حسینی کی جانب سے دارالقرآن الکریم کے ذریعے قرآنی اور تحقیقی پروگراموں کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ڈیجیٹل ترقی سے ہم آہنگ ہونے اور اہل بیت علیہم السلام کے علمی و تراثی ذخیرے سے متعلق تحقیقی مصادر کو دنیا بھر کے محققین اور اہلِ علم کے لیے زیادہ قابلِ رسائی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔