حرم مقدس حسینی کی جانب سے نجف اشرف میں ’’فی رحاب النور‘‘ پروگرام کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد

حرم مقدس حسینی کے شعبۂ ترقی و سماجی تربیتِ نوجوانان نے صوبہ نجف اشرف میں ’’فی رحاب النور‘‘ پروگرام کے تیسرے ایڈیشن کے انعقاد کا اعلان کیا ہے، جس میں 150 نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں ایمانی شناخت کو مضبوط بنانا اور حسینی خدمت کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔

شعبے کے سربراہ جناب محمد النصراوی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پروگرام میں شرکاء نے امیرالمؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام کے روضۂ مبارک کی زیارت کی، اس کے علاوہ دینی شعور کی بیداری اور روحانی اقدار کے فروغ کے لیے مختلف علمی و تربیتی لیکچرز اور سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پروگرام کے دوران جناب سید صادق المروج نے ایک خصوصی لیکچر دیا، جس میں حسینی خدمت کی اہمیت، نوجوانوں کی شخصیت سازی میں اس کے کردار اور امام حسین علیہ السلام کے مجسم کردہ اصولوں اور اقدار سے وابستگی کو مضبوط بنانے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ شرکاء نے حرم مقدس علوی کے شعبۂ تعلقات عامہ کے ذمہ دار مازن الاسدی کی گفتگو سے بھی استفادہ کیا، جس میں حرم مقدس علوی کی تاریخ، اس کے مختلف ترقیاتی منصوبوں، کتب خانے اور صحن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی توسیعی منصوبے کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے پروگراموں کا انعقاد نوجوانوں کی فکری اور روحانی تربیت، حسینی خدمت کے پیغام سے ان کی آگاہی میں اضافے اور دینی و سماجی اقدار کو معاشرے میں مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔