حرم مقدس حسینی سے وابستہ "سیدہ خدیجہ الکبریٰ (سلام اللہ علیہا) سپیشلائزڈ ویمن ہسپتال" نے زیارتِ اربعینِ امام حسین (علیہ السلام) کے موقع پر فراہم کی جانے والی طبی و صحتی خدمات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
آفیشل ویب سائٹ کو موصول ہونے والے ایک بیان میں ہسپتال نے بتایا کہ "سیدہ خدیجہ الکبریٰ (سلام اللہ علیہا) سپیشلائزڈ ویمن ہسپتال نے مبارک ایامِ زیارت کے دوران امام حسین (علیہ السلام) کے زائرین کی خدمت کے لیے شب و روز طبی اور نرسنگ خدمات کا سلسلہ جاری رکھا، جس کے تحت 37 ہزار سے زائد طبی خدمات اور تشخیصی ٹیسٹ کیے گئے۔"
بیان میں وضاحت کی گئی کہ "ہسپتال میں (2,678) مریضوں کو مختلف شعبہ جات میں طبی و نرسنگ خدمات فراہم کی گئیں، جبکہ ایمرجنسی وارڈ (ٹوارئ) میں (444) مریض آئے۔ معائنے کے بعد ان کی صحت کی نوعیت کے مطابق فوری طبی اقدامات کیے گئے تاکہ ان کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔"
مزید بتایا گیا کہ "ہسپتال کے زیرِ انتظام قائم طبی کیمپ (مفرزہ طبیہ) سے (25,223) زائرین نے رجوع کیا اور مختلف طبی و نرسنگ سہولیات حاصل کیں۔"
تشخیصی ٹیسٹوں کے حوالے سے اشارہ کیا گیا کہ "زیارت کے ایام میں زائرین کے لیے (7,482) لیبارٹری ٹیسٹ اور (1,277) ریڈیولوجیکل (ایکسرے/اسکین) ٹیسٹ انجام دیے گئے۔"
یہ اعداد و شمار ہسپتال کے طبی، نرسنگ، صحتی اور انتظامی عملے کے ساتھ ساتھ رضاکاروں کی انتھک کاوشوں کا مظہر ہیں، جو حرم مقدس حسینی کی اس حکمتِ عملی کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد حضرت امام حسین (علیہ السلام) کے زائرین کو بہترین صحتی و طبی خدمات کی فراہمی ہے۔
