کربلا المعلیٰ: حرم مقدس حسینی سے منسلک امام زین العابدین (علیہ السلام) ہسپتال نے زیارتِ اربعینِ امام حسین (علیہ السلام) کے موقع پر زائرین کو فراہم کی جانے والی طبی و صحتی خدمات کے باضابطہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
ہسپتال کے شعبہ اطلاعات کے ڈائریکٹر مصطفیٰ الموسوی نے بتایا کہ زیارتِ اربعین کے دوران زائرین کی بڑی تعداد کو صحتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار کردہ جامع ہیلتھ پلان کے تحت مجموعی طور پر 5,300 مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا گیا۔ ان میں سے 3,170 افراد کو طبی کیمپ اور 2,130 افراد کو شعبہ ایمرجنسی میں فوراً طبی امداد فراہم کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی بروقت تشخیص کے لیے طبی و نرسنگ عملے نے 6,150 لیبارٹری ٹیسٹ اور 1,312 ایکس رے معائنہ جات انجام دیے، جس سے زائرین کو فوری طبی رعاية کی فراہمی ممکن ہوئی۔
مصطفیٰ الموسوی کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے ایمرجنسی نوعیت کے 14 جراحی آپریشنز کیے، جبکہ دل کے عارضے میں مبتلا زائرین کے لیے 6 اینجیوپلاسٹی کے کامیاب آپریشن بھی انجام دیے گئے۔
یہ خدمات حرم مقدس حسینی کی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق اربعینِ حسینی کے لاکھوں زائرین کو اعلیٰ ترین سطح کی صحتی سہولیات اور طبی نگہداشت فراہم کرنے کے سلسلے میں انجام دی گئی ہیں۔
