حرم مقدس حسینی سے منسلک الزہرا (سلام اللہ علیہا) گرلز یونیورسٹی نے زیارتِ اربعین کے موقع پر فراہم کی جانے والی طبی، تعلیمی، تکنیکی اور خدماتی سہولیات کی تفصیلات جاری کر دیں

کربلا المعلیٰ: حرم مقدس حسینی کے تحت قائم الزہرا (سلام اللہ علیہا) گرلز یونیورسٹی نے زیارتِ اربعینِ امام حسین (علیہ السلام) کے دوران مختلف شعبہ جات میں زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

یونیورسٹی کی صدر ڈاکٹر زینب السلطانی نے بتایا کہ یونیورسٹی نے زیارتِ اربعین کے موقع پر زائرین کے استقبال اور ان کی سہولت کے لیے طبی، تربیتی، خدماتی اور تکنیکی مراکز قائم کیے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے طبی کیمپ (مفرزہ طبیہ) نے مسلسل 7 ایام تک 24 گھنٹے خدمات انجام دیں، جس کے دوران مختلف ممالک سے آئے ہوئے 5,000 سے زائد زائرین اور زائرات کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ یہ تمام خدمات کنسلٹنٹ ڈاکٹرز اور ماہر طبی عملے کی نگرانی میں فراہم کی گئیں۔

ڈاکٹر زینب السلطانی کے مطابق اس طبی کیمپ میں فارمیسی، فزیو تھراپی، نرسنگ اور انجیکشن کے شعبہ جات شامل تھے، جبکہ ای سی جی (ECG) اور جدید فزیو تھراپی کے آلات سمیت خون کے گروپ کی جانچ کی سہولت بھی موجود تھی۔ اس کے علاوہ شدید نوعیت کے مریضوں کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایک ایمبولینس بھی مختص کی گئی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تعلیمی و تربیتی رہنمائی (التوجیہ والإرشاد التربوي) کا سینٹر 4 ایام تک روزانہ 9 گھنٹے فعال رہا، جہاں 240 گائیڈنس فارمز کا استعمال کیا گیا اور تربیتی و اصلاحی لیکچرز کا اہتمام بھی کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے علاوہ زائرات میں مشروبات تقسیم کرنے کے لیے خدماتی سٹالز اور زائرین کی معاونت کے لیے ایک ٹیکنیکل ڈیسک بھی قائم کیا گیا تھا تاکہ اس ملینین مارچ کے دوران زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ تمام اقدامات حرم مقدس حسینی کی مرکزی پالیسیوں اور ہدایات کے عین مطابق انجام دیے گئے ہیں تاکہ زیارتِ اربعین کے موقع پر زائرینِ امام حسین (علیہ السلام) کی خدمت کے لیے تمام انسانی و فنی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکے۔