حرم حسینی نے امام حسن مجتبیٰ (ع) کے جشنِ ولادت کی مناسبت سے "معز المؤمنین" پروگرام کے انعقاد کا اعلان

حرم حسینی کے شعبہ چائلڈ کئیر و تربیت نے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والی معز المؤمنین ریلی میں شرکت کا طریقہ کار بیان کر دیا ہے۔ یہ ریلی اہل بیت علیہم السلام کے جشن اور تقریبات کی مرکزی کمیٹی کی جانب سے منعقد ہونے والے معز المؤمنین فیسٹیول کے تحت نکالی جائے گی۔

شعبہ چائلڈ کئیر و تربیت کے سربراہ منتظر النصراوی نے بتایا کہ حرم حسینی کا شعبہ چائلڈ کئیر و تربیت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے یومِ ولادت کی خوشی میں سینکڑوں بچوں کی شرکت کے ساتھ ایک عظیم الشان ریلی کا اہتمام کرے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ریلی حرم حسینی میں اہل بیت علیہم السلام کی مرکزی تقریبات کمیٹی کی جانب سے منعقدہ معز المؤمنین فیسٹیول کی تقریبات میں شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جو والدین اپنے بچوں کو اس ریلی میں شریک کرنا چاہتے ہیں، وہ اس مقصد کے لیے مخصوص لنک پر جا کر شرکت کی شرائط اور طریقہ کار معلوم کر سکتے ہیں۔

النصراوی نے کہا کہ یہ ریلی ہفتہ 15 مارچ 2025 کو افطار کے بعد بین الحرمین سے شروع ہوگی اور صحنِ عقیلہ زینب سلام اللہ علیہا پر اختتام پذیر ہوگی، جہاں امام حسن علیہ السلام کا پرچم بلند کیا جائے گا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ریلی کے تمام شرکاء کے لیے حرم حسینی کے مضیف (لنگر خانے) کی جانب سے افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔ افطار کا انتظام حرم حسینی کے قریب واقع صحنِ رسولِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ بچوں کو مخصوص پوائنٹس سے حرم مقدس تک پہنچانے اور واپس لانے کے لیے بسوں کا انتظام ہوگا۔ اس کے علاوہ تمام شریک بچوں میں پرچم، سر پر باندھنے والی پٹیاں اور پھول بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

النصراوی نے واضح کیا کہ ریلی میں شرکت کے لیے 6 سے 14 سال تک کے بچے (لڑکے اور لڑکیاں) شامل ہوسکتے ہیں۔ بچوں کے لیے سفید کپڑے پہننا بہتر ہے جبکہ بچیوں کے لیے حجاب لازمی ہے۔ بسیں شام 5 بجے مخصوص پوائنٹس سے روانہ ہوں گی اور واپسی رات 9:30 بجے ہوگی۔ شرکاء براہ راست صحنِ رسولِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مسقف (چھت والے حصے) میں بھی پہنچ سکتے ہیں۔