عراق میں پہلی بار.. حرم مقدس حسینی کا کینسر کے علاج کے لیے مخصوص (MIBG) تھراپی استعمال کرنے کا اعلان

حرم مقدس حسینی کے شعبہ صحت و طبی تعلیم کے زیرِ انتظام 'وارث انٹرنیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ' نے ملک میں پہلی بار جسم میں پھیلے ہوئے پیچیدہ کینسر کے علاج کے لیے مخصوص (MIBG) تھراپی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

نیوکلیئر میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کی نائب سربراہ ڈاکٹر فرح محمد انور نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "حرم مقدس حسینی کا وارث انٹرنیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ عراق کا پہلا ادارہ ہے جس نے (MIBG) علاج کا آغاز کیا ہے، جو جسم کے مختلف حصوں میں پھیلے ہوئے کینسر کے پیچیدہ کیسز کے لیے استعمال ہوتا ہے۔"

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ: "یہ قدم ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور نیوکلیئر میڈیسن و کینسر کے علاج کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ (MIBG) تھراپی دنیا بھر میں کینسر کی مخصوص اقسام کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی جدید ترین تکنیکوں میں سے ایک ہے۔"

ڈاکٹر فرح نے مزید کہا کہ: "اس علاج کو متعارف کرانے کا مقصد عراق میں جدید ترین طبی ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر لانا اور مریضوں کو ملک کے اندر ہی اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس سے نہ صرف بیرونِ ملک علاج کے لیے جانے کی ضرورت کم ہوگی بلکہ ماہرانہ طبی خدمات کے معیار میں بھی اضافہ ہوگا۔"

حرم مقدس حسینی کا وارث انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ جدید ترین طبی پروٹوکولز کے مطابق کینسر کے مریضوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے مسلسل جدید ٹیکنالوجی درآمد کرنے اور اپنے عملے کو عالمی معیار کے مطابق تربیت دینے کے لیے کوشاں ہے۔

: توصیف رضا خان