حرم مقدس حسینی نے شام میں حالیہ زلزلے کے متاثرین کی مدد کے لیے اپنے طبی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں عراق اور شام کی وزارت صحت کے ساتھ مل کر زخمیوں کو کربلا لے جانے اور حرم مقدس حسینی کے اسپتالوں میں علاج کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔
حرم مقدس حسینی کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق طبی اور تعلیمی بورڈ کے رکن بہاء الولی نے اس سلسلے میں کہا: اعلیٰ دینی مرجعیت کے نمائندے کی ہدایات کے مطابق روضہ مقدس کے شعبہ صحت کا ایک وفد حرم مقدس کے امدادی قافلے کے ساتھ شام بھیجا گیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا: نیز یہ وفد دونوں ممالک کی وزارت صحت کے ساتھ ہم آہنگی کر رہا ہے تاکہ ہم کربلا کے حرم مقدس حسینی ہسپتالوں میں زلزلہ کے متاثرین کا ہوائی نقل و حمل کے ذریعے علاج کر سکیں۔