حرم مقدس حسینی کے شعبہ تعلقات عامہ نے مسلسل دوسرے سال زیارتِ اربعینِ امام حسین علیہم السلام کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے غیر ملکی زائرین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے ایک جامع پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت قائم کردہ کثیر اللسانی مراکز کا مقصد زائرین کو ترجمہ، مذہبی و ثقافتی رہنمائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ زیارت کے بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے انٹرنیشنل ریلیشنز سیکشن کے سربراہ جناب غیث الحسنی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "ان مراکز کا قیام اعلیٰ ترین مرجع دینی شیخ عبدالمهدی الکربلائی کی ہدایات پر عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ اقدام غیر ملکی زائرین کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کی رہنمائی کی ضروریات—خواہ وہ حرم مقدس اور مقاماتِ مقدسہ کے راستوں سے متعلق ہوں یا ان کے شرعی و ثقافتی سوالات کے جوابات ہوں—کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ رہنمائی کے یہ مراکز تین اہم محوروں پر تقسیم کیے گئے ہیں، جن میں حرم مقدس حسینی کے تمام زائرین سیٹیزاور کربلا شہر کا مرکزی علاقہ شامل ہے۔ بغداد یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لینگویجز کے تعاون سے قائم ان مراکز میں متعدد بین الاقوامی زبانوں کے ماہرین موجود ہیں، جن میں انگریزی، جرمن، فرانسیسی، فارسی اور اردو سمیت دیگر زبانیں شامل ہیں۔
جناب غیث الحسنی نے کہا کہ یہ ماہرین زائرین کو مقدس مقامات کی تاریخ، آدابِ زیارت اور عبادات کے طریقہ کار کی مکمل تفصیلات فراہم کرتے ہیں، نیز جغرافیائی رہنمائی اور دیگر ضروری سہولیات کے ذریعے غیر ملکی زائرین کے لیے زیارت کو آسان بناتے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس پروگرام میں دینی آگاہی اور تبلیغ کا پہلو بھی شامل ہے۔ اس سلسلے میں حرم مقدس حسینی کے مبلغین اور نجف اشرف کے فضلاءِ حوزہ علمیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا گیا ہے تاکہ دینی و ثقافتی پیغام کو زائر کی مادری زبان میں ان کے ثقافتی پس منظر کے مطابق پہنچایا جا سکے اور ان کے تمام سوالات کے تشفی بخش جوابات دیے جا سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ پہل قدمی دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے لیے حرم مقدس حسینی کی خصوصی توجه کو ظاہر کرتی ہے۔ اس سے زیارتِ اربعین کے بین الاقوامی پہلو کو تقویت ملتی ہے اور کربلا معلیٰ کے روحانی و انسانی ماحول میں مختلف اقوام اور ثقافتوں کے درمیان ابلاغ اور ہم آہنگی کے جذبے کو فروغ ملتا ہے۔
واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی زیارتِ اربعینِ امام حسین (ع) کے موقع پر اپنے تمام خدماتی، طبی، انجینئرنگ، تنظیمی اور میڈیا کے شعبہ جات کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے کربلا معلیٰ کی جانب آنے والے تمام راستوں اور سرحدی گزرگاہوں پر زائرین کو بہترین، محفوظ اور منظم سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
