حرم مقدس حسینی کے شعبہ دیکھ بھال نے کربلا معلیٰ آنے والے زائرینِ اربعینِ امام حسین علیہم السلام کے استقبال اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے 45 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر مشتمل زائرین کی قیام گاہ اور آرام کا سب سے بڑا مرکز تیار کر لیا ہے۔
شعبہ دیکھ بھال کے سربراہ انجینئر عبد الحسن محمد نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "اس سائٹ پر 1,000 مربع میٹر رقبے پر مشتمل 45 سے زائد سایہ دار ہالز تیار کیے گئے ہیں، جب کہ 4,500 مربع میٹر کے مجموعی رقبے پر نئے خدماتی خیمے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ ان تمام سائٹس کو زائرین کے آرام و آسائش کے تمام بنیادی لوازمات بالخصوص ایئر کولرز اور دیگر سہولیات سے لیس کیا گیا ہے۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ: "ان کاموں میں 60 سے زائد واش رومز کی بحالی و صيانة، خدماتی شعبہ جات کے لیے 15 اضافی واش رومز کی تیاری اور انہیں مرکزی واٹر نیٹ ورک سے منسلک کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ 10,000 لیٹر گنجائش والے 30 واٹر ٹینکس نصب کر کے انہیں سپلائی لائنز سے جوڑ دیا گیا ہے۔"
انجینئر عبد الحسن نے نشاندہی کی کہ شعبے کے عملے نے خیموں اور ہالز کے اطراف 400 سے زائد ایئر کولرز نصب کر دیے ہیں، نیز زائرین کو پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے مرکزی واٹر سپلائی لائن کو اعلیٰ معیار کی نئی پائپ لائن سے بدل دیا گیا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ زائرین کو شدید دھوپ سے بچانے کے لیے 12 ہزار مربع میٹر سے زائد کے کھلے میدانوں اور جگہوں کو سایہ دار شیڈز سے ڈھانپ دیا گیا ہے، جبکہ واش رومز کے فرنیچر، دروازوں اور کنکریٹ فلورنگ جیسے تمام تعمیراتی کام مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ زائرین کی ملینز کی متوقع تعداد کا باحسن احسن استقبال کیا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تمام اقدامات حرم مقدس حسینی کے اس جامع الخدماتی منصوبے کا حصہ ہیں جس کا مقصد زیارتِ اربعین کے دنوں میں زائرین کو ایک مکمل، محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی زیارتِ اربعینِ امام حسین (ع) کے موقع پر اپنے تمام خدماتی، طبی، انجینئرنگ، تنظیمی اور میڈیا کے شعبہ جات کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے کربلا معلیٰ کی جانب آنے والے تمام راستوں اور سرحدی گزرگاہوں پر زائرین کو بہترین، محفوظ اور منظم سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
