عاشوراء کی مراسم کے سلسلے میں: حرم مقدس حسینی کی نینویٰ کے ضلع تلعفر میں سالانہ عاشورائی جلوس میں شرکت

حرم مقدس حسینی کے شعبہ صادق الامین فکری و ثقافتی نے نینویٰ صوبے کے ضلع تلعفر میں دسویں محرم الحرام کی یاد میں منعقدہ سالانہ عاشورائی جلوس میں شرکت کی ہے۔

شعبہ کے انچارج شیخ خلیل العلیاوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "شعبے نے نینویٰ صوبے میں ضلع تلعفر کے قریبی دیہاتوں اور علاقوں سے آنے والے متعدد عزادار مواکب (انجمنوں) کے ساتھ شرکت کی، جہاں ان مواکب کا استقبال مزار سعد بن عقیل (علیہ السلام) میں کیا گیا"۔ انہوں نے واضع کیا کہ "اس جلوس میں ضلع کے مکینوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جو امام حسین (علیہ السلام) کی شہادت کا غم منانے کے لیے گھروں سے باہر نکلے تھے"۔

انہوں نے مزید بتایا کہ "تمام تر چیلنجز کے باوجود مواکب کی یہ شرکت اہل بیت (علیہم السلام) سے گہری عقیدت اور وفاداری کی عکاس ہے۔ اس کے علاوہ ہم مواکب کے مالکان اور عزاداروں کی ان کوششوں کو سراہتے ہیں جو انہوں نے اس عظیم شعیرے کو زندہ رکھنے کے لیے کیں، جسے دشمنانِ امام حسین (علیہ السلام) مٹانے کی کوشش کر رہے تھے"۔

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ "عراق کے شمالی صوبوں، بالخصوص صوبہ نینویٰ اور خاص طور پر ضلع تلعفر میں اس سال عزاداری کی مراسم میں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جہاں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے حسینی انقلاب کے اصولوں سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا"۔

ان کا کہنا تھا کہ "عاشورائی جلوس اصلاح، انصاف، صفوں میں اتحاد اور مظلوموں کی حمایت کا پیغام دیتے ہیں، خصوصاً ایسے علاقوں میں جہاں مختلف برادریاں اور قومیتیں آباد ہیں"۔

شیخ علیاوی نے اس بات پر زور دیا کہ "نہضتِ حسینی (حسینی تحریک) کو یاد رکھنے کی ذمہ داری ہر ایک پر عائد ہوتی ہے، تاکہ اس کے مقاصد کو دلوں میں راسخ کیا جائے اور معاشرے میں اس کے اصولوں کو فروغ دیا جا سکے۔ امام حسین (علیہ السلام) کے نقشِ قدم پر چلنا ہی قوموں کے درمیان رواداری، محبت اور رحم دلی کی ثقافت کو عام کرنے کا واحد راستہ ہے"۔