امام حسین (علیہ السلام) کی شہادت کا غم منانے کے لیے، حرم مقدس حسینی کے شعبہ مذہبی امور سے وابستہ شعبہ افریقی سرگرمیاں نے نائجیریا کے مختلف حصوں میں مجالسِ عزا کے ایک سلسلے کا انعقاد کیا، جس میں عزاداروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شعبہ افریقی سرگرمیاں کے انچارج شیخ عبد الغفار المالکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "حرم مقدس حسینی کے شعبہ مذہبی امور سے مربوط شعبہ افریقی سرگرمیاں نے امام حسین (علیہ السلام) کی شہادت کی یاد تازہ کرنے کے لیے نائجیریا بھر میں عزاداروں کی وسیع شرکت کے ساتھ مجالسِ عزا کا سلسلہ منظم کیا ہے"۔
انہوں نے وضاحت کی کہ "نائجیریا کے متعدد علاقوں میں قائم کی جانے والی ان حسینی مجالس کا مقصد امام حسین (علیہ السلام) کی شہادت کا سوگ منانا اور ان اعلیٰ مقاصد، اقدار اور عظیم اصولوں کو بیان کرنا ہے جن کی خاطر آپ نے قیام فرمایا اور اپنی جان قربان کی"۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اس پروگرام میں اصولوں اور اقدار کی تشریح پر گہری توجہ دی گئی تاکہ ان کا تحفظ اور انہیں دلوں میں راسخ کیا جا سکے، ساتھ ہی اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ کس طرح امام عالی مقام قربانی، فداکاری، حق کی فتح اور اسلام کی تاریخ میں اس کے دفاع کی ایک لازوال مثال اور علامت بن کر ابھرے"۔
ان کا کہنا تھا کہ "ان پروگراموں میں مختلف علاقوں کے مقامی لوگوں نے بھرپور شرکت کی اور گہری عقیدت کا اظہار کیا۔ ان مجالس میں حسینی انقلاب کی تاریخی سیرت اور اس کے فکری اثرات کا جائزہ لیا گیا، اور یہ بیان کیا گیا کہ موجودہ دور میں اس سے کس طرح سبق اور عبرت حاصل کی جا سکتی ہے"۔
حرم مقدس حسینی کا شعبہ مذہبی امور اپنے شعبہ افریقی سرگرمیاں کے ذریعے براعظم افریقہ میں اس طرح کی فکری اور عقائدی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ دینی شعور کو بیدار کیا جا سکے اور اہل بیت (عليهم السلام) کے اصولوں اور ان کی انسانی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔
