کھجوروں کی اپنی منفرد اور نایاب اقسام کی نمائش کے ذریعے.. حرم مقدس حسینی سے وابستہ "فدک نخلستان" کی سلیمانیہ میں زراعت اور فوڈ انڈسٹری کی نمائش میں شرکت

حرم مقدس حسینی کے زرعی شعبے سے وابستہ "فدک نخلستان" (فدک ڈیٹ پام فارم) نے سلیمانیہ کی بین الاقوامی نمائش گاہ میں منعقدہ "زراعت اور فوڈ انڈسٹری" کی نمائش میں شرکت کی ہے۔

نخلستان کے مارکیٹنگ مینیجر محمد ابو المعالی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ: "حرم مقدس حسینی کے زرعی بورڈ سے وابستہ فدک نخلستان نے سلیمانیہ میں زراعت اور فوڈ انڈسٹری کی نمائش میں حصہ لیا، جو 17 سے 20 دسمبر تک منعقد کی گئی"۔

انہوں نے مزید کہا کہ: "نخلستان کے اسٹال پر عراقی اور عرب کھجوروں کی ان 100 اقسام میں سے 50 اقسام پیش کی گئیں جو اس فارم میں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ یہ نخلستان نایاب اور اعلیٰ معیار کی اقسام پیدا کرنے والے 'جینیاتی بینک' کے طور پر بھی کام کر رہا ہے، اور یہ ایک ممتاز قومی منصوبہ ہے"۔

انہوں نے وضاحت کی کہ: "حاضرین کا ردعمل بہت شاندار تھا۔ ہم نے فارم کے کاموں کا آغاز اس وقت سے دکھایا جب وہ ایک بنجر صحرا تھا، اور آج کے وقت تک جب وہ ایک سرسبز نخلستان بن چکا ہے جہاں کھجوروں کی نایاب اور بہترین اقسام موجود ہیں"۔

انہوں نے اشارہ کیا کہ: "نخلستان میں موجود اہم اور بہترین عراقی اقسام میں (بریم، برحی، واسطی، قرنفلی، میرحاج، شويثی، بلکہ، اشرسی، خضراوی، تبرزل، جعفری، مکتوم، بربن، مطوک وغیرہ) شامل ہیں، جبکہ نمایاں عرب اقسام میں (مجہول، زاملی، صقعی، خلاص وغیرہ) شامل ہیں"۔

واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی کے زرعی شعبے سے وابستہ فدک نخلستان اب اپنی کھجوروں اور پودوں (فسائل) کی مارکیٹنگ کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، اور جدید زرعی ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے ہوئے اپنی پیداوار کو مزید بڑھانے اور بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔