روضۂ حسینیۂ مقدسہ کے شعبۂ ترقیِ انسانی وسائل نے رمضان المبارک کے پروگرام "شبابیک" کے ساتویں سیزن کی چوتھی قسط پیش کی، جس میں پروفیسر عادل بغدادی مہمانِ خصوصی تھے۔ اُن سے پروگرام کے میزبان، صحافی ابراہیم السالم نے گفتگو کی۔ گفتگو کا موضوع تھا: "مصنوعی ذہانت اور چھوٹے منصوبوں میں کاروباری قیادت۔"
شعبہ کے سربراہ، جناب محمد الكنانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "روضۂ حسینیۂ مقدسہ کے شعبۂ ترقیِ انسانی وسائل نے پروگرام (شبابیک الرمضانی) کے ساتویں سیزن کی چوتھی قسط پیش کی۔"
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ "اس قسط میں پروفیسر عادل بغدادی کو مدعو کیا گیا۔ اُن سے ہونے والی گفتگو کا عنوان (ریادہ الأعمال في الذكاء الاصطناعي والمشاريع الصغيرة) تھا جس کی میزبانی ابراہیم السالم نے کی۔"
اُن کا کہنا تھا کہ "مکالمے میں یہ بات زیرِ بحث آئی کہ مصنوعی ذہانت کس طرح مختلف شعبوں میں بنیادی اہمیت اختیار کرچکی ہے، خواہ وہ سول شعبے ہوں، عسکری معاملات، صنعت ہو یا زراعت اور دیگر گوناگوں میدان۔ مزید یہ بھی بیان کیا گیا کہ کاروباری قیادت کا براہِ راست تعلق اختراعی سوچ سے ہے جس میں روایتی طریقہ ہائے کار سے ہٹ کر نت نئی راہیں ڈھونڈی جاتی ہیں۔"
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ "گفتگو میں مصنوعی ذہانت کی طاقتور حیثیت کا ذکر ہوا، کیونکہ یہ جدید ڈیٹا بیس اور اعلیٰ سطح کی سیمولیشن تکنیکیں استعمال کرتی ہے جو انسانی دماغ کے ساتھ مل کر ایک مؤثر ہتھیار ثابت ہوتی ہیں۔ مصنوعی ذہانت انسانی دماغ کی جگہ نہیں لے سکتی، بلکہ یہ ایک ایسا ذریعہ ہے جو منصوبوں کے انتظام اور جدت طرازی میں انسان کی صلاحیتوں کو بڑھاتی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "مہمان نے عراقی جامعات میں ریادہ الأعمال (کاروباری قیادت) کی تعلیم کو ابتدا سے متعارف کروانے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ طلبا فارغ التحصیل ہونے کے بعد نجی شعبے میں زیادہ مؤثر انداز میں قدم رکھ سکیں۔ اس کے ساتھ منصوبہ بندی اور اسٹڈی فزیبلٹی کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی، تاکہ چھوٹے پیمانے کے منصوبوں کو کامیابی سے ہم کنار کیا جاسکے۔"
انہوں نے بتایا کہ "اس قسط میں (شبابیک المعرفیة) کے نام سے ایک مقابلہ بھی شامل تھا، جس کی نظامت صحافی مرتضیٰ ابو المعالی نے کی۔ اس ثقافتی مقابلے میں جامعہ واسط کی ٹیم نے جامعہ میسان کی ٹیم کو شکست دی۔ مقابلے کے اختتام پر کامیاب شرکاء کو ایوارڈز دیے گئے اور حاضرین کے درمیان قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔"
یاد رہے کہ "شبابیک الرمضانی" نامی پروگرام، جسے روضۂ حسینیۂ مقدسہ کے شعبۂ ترقیِ انسانی وسائل کی زیرِ نگرانی پیش کیا جاتا ہے، اپنے ساتویں سیزن میں بھی جاری ہے۔ اس پروگرام میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ جدید اور مفید موضوعات کا احاطہ کیا جاتا ہے۔ یہ روضۂ حسینیۂ مقدسہ کے وژن کے عین مطابق ہے جو علم اور اختراع کی ترویج کے لیے کوشاں ہے۔