حرم مقدس حسینی کے شعبہ شعائر و حسینی جلوس نے محرم الحرام کے سوئم کی رسومات کے حوالے سے اپنی سالانہ کانفرنس منعقد کی، جس میں متعدد قبائلی رہنماؤں اور جلوسوں اور تنظیموں کے مالکان نے شرکت کی۔
شعبہ کے سربراہ، انجینئر رسول فضالہ نے بتایا کہ، "شعبہ شعائر و حسینی جلوس نے محرم کے تیرہویں دن کی رسومات (اجسادِ طاہرہ کی تدفین کا پرسہ) کو منظم کرنے کے لیے اپنی سالانہ کانفرنس منعقد کی، جس میں قبائلی رہنماؤں اور جلوسوں اور تنظیموں کے مالکان کی وسیع شرکت اور موجودگی تھی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ، "کانفرنس کا انعقاد اعلیٰ دینی قیادت کے نمائندے شیخ عبدالمہدی الکربلائی کی براہ راست ہدایت پر کیا گیا، جس کا مقصد مشاورت، خیالات اور تجربات کا تبادلہ، اور پرسہ کی مختلف تفصیلات سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔ اس کے علاوہ، گزشتہ سالوں میں جلوسوں کو درپیش اہم چیلنجوں اور رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور رسومات کے انعقاد کے دوران اعلیٰ ترین سطح کی تنظیم اور روانی کو یقینی بنانے کے لیے مناسب حل وضع کرنے پر کام کیا گیا۔"
واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی کے شعبہ شعائر و حسینی جلوس نے جلوسوں کی نقل و حرکت کے لیے ایک واضح روڈ میپ تیار کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں صرف کر دی ہیں، جس میں ان کے راستے، صحنِ حسینی شریف میں داخلے اور باہر نکلنے کے معاملات شامل ہیں۔