حرم مقدس حسینی میں قرآنی مقابلے (جود الحسین) کی کامیاب خواتین کی اعزازی تقریب

حرم مقدس حسینی کے دارالقرآن الکریم نے قرآنی مقابلے (جود الحسین) برائے قراءاتِ عشرہ صغریٰ میں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کو اعزاز سے نوازا۔ یہ مقابلہ دارالقرآن کی نجف اشرف شاخ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا، جس میں عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والی 25 خواتین نے شرکت کی۔

اعزازی تقریب حرم مقدس حسینی کے صحن میں واقع خاتم الانبیاء (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہال میں منعقد ہوئی۔ یہ تقریب خواتین کے قرآنی پروگراموں کا حصہ تھی، جس کا مقصد علومِ قرآن میں مہارت رکھنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی اور قرآنی قراءات میں ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

دارالقرآن الکریم میں خواتین کی قرآنی سرگرمیوں کی ذمہ دار آمل المطوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلہ حافظات اور قاریات کی سرپرستی، ان کی قرآنی قراءات کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے اور عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والی شرکاء کے درمیان علمی روابط کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قراءاتِ عشرہ علومِ قرآن کے اہم شعبوں میں سے ایک ہے اور اس نوعیت کے مقابلوں کے انعقاد سے اس شعبے میں دلچسپی کو فروغ ملتا ہے، جبکہ قاریات کو مزید تعلیم حاصل کرنے اور اس میدان میں تخصص حاصل کرنے کی ترغیب بھی ملتی ہے۔

واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی کا دارالقرآن الکریم عراق کے مختلف صوبوں میں خواتین کے لیے قرآنی پروگراموں اور مقابلوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد قرآنی حفظ، تلاوت اور قراءات کے شعبوں میں خواتین کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور ماہر خواتین کی سرپرستی کرنا ہے۔