جامعہ وارث الانبیاءؑ نے عرب جامعات کی ٹائمز رینکنگ 2027 میں نمایاں کامیابی حاصل کرلی

حرم مقدس حسینی کے زیرِ انتظام جامعہ وارث الانبیاءؑ نے ایک اہم علمی و تعلیمی اعزاز حاصل کرتے ہوئے عراقی نجی جامعات میں پہلی اور سرکاری و نجی جامعات سمیت مجموعی طور پر عراق میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

جامعہ عرب جامعات کی ٹائمز رینکنگ 2027 میں عرب دنیا کی 101 سے 125 ویں پوزیشن کے درمیان شامل ہوئی ہے۔

جامعہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ کامیابی برطانوی ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ عرب جامعات کی درجہ بندی 2027 کے نتائج کی بنیاد پر حاصل ہوئی، جس میں 17 عرب ممالک کی 269 جامعات شامل تھیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ مذکورہ درجہ بندی پانچ بنیادی معیارات پر مشتمل تھی، جن میں معیارِ تعلیم، تحقیقی ماحول، علمی تحقیقات کا معیار، صنعتی شعبے سے روابط اور بین الاقوامی رجحانات شامل ہیں۔ یہ معیارات جامعات کی تعلیمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں۔

جامعہ کے مطابق یہ پیش رفت تعلیمی اور تحقیقی پروگراموں کی مسلسل ترقی، معیارِ تعلیم میں بہتری، تحقیقی نتائج کو مزید مؤثر بنانے اور جامعہ کی انتظامیہ، فیکلٹیز اور سائنسی شعبوں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

واضح رہے کہ یہ کامیابی جامعہ وارث الانبیاءؑ کی تعلیمی و تحقیقی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بین الاقوامی تعلیمی درجہ بندیوں میں اپنی موجودگی مستحکم بنانے کی مسلسل کوششوں کا تسلسل ہے، جس سے عراق اور عرب دنیا میں اس کے علمی مقام کو مزید تقویت ملے گی۔