حرم مقدس حسینی سے وابستہ مرکز امام حسینؑ الثقافی نے جامعہ بصرہ کے کالج آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز کے تعاون سے ’’جشنِ عفافِ زینبی‘‘ کا انعقاد کیا، جس میں تقریباً 2 ہزار طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد جامعات میں اسلامی شناخت اور اقدار کو فروغ دینا تھا۔
مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فالح الموسوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ عفافِ زینبی کا انعقاد جامعات میں اسلامی اقدار کو مستحکم کرنے اور حجاب و عفت کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی ثقافتی اور آگاہی مہمات کا حصہ ہے، کیونکہ یہ ایک مسلمان خاتون کی شخصیت کی تعمیر کے بنیادی ستون ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس جشن میں طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ پروگرام میں مختلف ثقافتی اور آگاہی پر مبنی سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔ اس موقع پر زینبی عبایا کی پابندی اور اس کی دینی و اخلاقی اقدار سے وابستگی پر طالبات کو حرم مقدس حسینی کی جانب سے تبرکاتی تحائف پیش کیے گئے، جبکہ عبایا پہننے کی خواہش مند بعض طالبات میں زینبی عبائیں بھی تقسیم کی گئیں۔
ڈاکٹر فالح الموسوی نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات تعلیمی اداروں میں عفت و پاکدامنی کے کلچر کو فروغ دینے اور دینی و اخلاقی اقدار کے حوالے سے مکالمے اور تبادلۂ خیال کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاکہ جامعات میں زیر تعلیم خواتین علمی میدان میں نمایاں کامیابی کے ساتھ اخلاقی و دینی اقدار کی بھی پابندی کر سکیں۔
واضح رہے کہ یہ جشن حرم مقدس حسینی سے وابستہ مرکز امام حسینؑ الثقافی کے ان ثقافتی اور آگاہی پروگراموں کا حصہ ہے، جو مختلف تعلیمی اداروں کے تعاون سے اسلامی اقدار کے فروغ اور جامعات میں عفت و پاکدامنی کے شعور کو مستحکم کرنے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں۔
