حرم مقدس حسینی کے زیرِ انتظام جامعہ الزہراء سلام اللہ علیہا للبنات نے ایک اہم علمی کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی تنظیم KNX کے سائنسی شراکت داروں کے فورم کی رکنیت حاصل کرلی ہے۔
اس کامیابی کے ساتھ جامعہ الزہراءؑ عراق کی پہلی یونیورسٹی اور مشرقِ وسطیٰ کی چوتھی یونیورسٹی بن گئی ہے، جسے اس عالمی نیٹ ورک میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اس نیٹ ورک میں دنیا بھر کی 189 جامعات شامل ہیں۔ یہ رکنیت انجینئرنگ کی کمپنی ’’النخبہ انجینئرنگ‘‘ کے تعاون سے حاصل کی گئی ہے۔
جامعہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کامیابی بین الاقوامی علمی حلقوں میں جامعہ کی موجودگی کو مضبوط بنانے اور عمارتوں کی خودکاری (Building Automation) اور اسمارٹ بلڈنگ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں علمی و تحقیقی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس رکنیت سے طلبہ کی تعلیم و تربیت، سائنسی اور عملی تحقیقات کی حوصلہ افزائی اور عالمی جامعات، تحقیقی اداروں اور تنظیم کے دیگر اراکین کے ساتھ علمی تجربات کے تبادلے میں مؤثر مدد ملے گی۔
جامعہ کے مطابق اس شراکت داری کے ذریعے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنے تعلیمی اور عملی پروگراموں کو مزید ترقی دینے، طلبہ اور محققین کے تحقیقی منصوبوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور جدید ٹیکنالوجی کے ماہرین و اداروں کے ساتھ مضبوط علمی اور پیشہ ورانہ روابط قائم کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کامیابی جامعہ الزہراءؑ للبنات کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ عالمی علمی اداروں کے ساتھ روابط کو وسعت دیتے ہوئے اپنے تعلیمی اور تحقیقی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے، تاکہ ایسی انجینئرنگ اور فنی صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت تیار کی جا سکے جو جدید تکنیکی ترقی کے ساتھ قدم ملا کر چلنے اور مستقبل کے لیے جدید حل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی کے زیرِ انتظام جامعہ الزہراءؑ للبنات اپنے اسٹریٹجک منصوبوں کے تحت تعلیمی اور تحقیقی معیار کو بلند کرنے اور خواتین کی نوجوان صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ اس مقصد کے لیے جامعہ میں ایسا جامع تعلیمی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے جو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ ہو۔
