حرم مقدس حسینی سے وابستہ سیدہ خدیجہ الکبریٰ (علیہا السلام) خواتین کے خصوصی ہسپتال نے ایک نیا منفرد طبی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ایک خاتون مریضہ کے بائیں گردے کے اوپر موجود غدود سے ایک فعال رسولی کو نکالنے کا انتہائی باریک اور پیچیدہ آپریشن کامیابی سے سرانجام دیا ہے۔ یہ آپریشن پیٹ کے معائنے والی دوربین کی جدید تکنیک کے ذریعے ایک ریکارڈ وقت میں بغیر کسی بڑے جراحی شگاف کے مکمل کیا گیا۔
یورولوجی اور لیپروسکوپک سرجری کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر ریاض رشید طعمہ نےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ:
"سیدہ خدیجہ الکبریٰ (علیہا السلام) خواتین کے خصوصی ہسپتال نے ایک نئی طبی کامیابی درج کی ہے۔ ہسپتال میں ایک خاتون مریضہ کے بائیں غدہ کظریہ سے ایک سرگرم رسولی کو نکالنے کا پیچیدہ آپریشن کیا گیا۔ یہ سرجری پیٹ کی دوربین کے ذریعے بغیر کسی بڑے جراحی شگاف کے، محض 30 منٹ کے ریکارڈ وقت میں کامیابی سے مکمل کر لی گئی۔"
آپریشن کی حساسیت اور نوعیت
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ:
اس آپریشن کی خاص بات اور حساسیت یہ تھی کہ یہ رسولی مکمل طور پر سرگرم تھی اور مسلسل 'ایڈرینالین' نامی ہارمون خارج کر رہی تھی، جس کی وجہ سے طبی دیکھ بھال اور سرجری کے دوران انتہائی باریکی اور شدید احتیاط کی ضرورت تھی۔یہ آپریشن ان خاص اور پیچیدہ ترین سرجریوں میں شمار ہوتا ہے جس کے لیے ایک ماہر سرجنز کی ٹیم کے ساتھ ساتھ اینستھیزیا (بے ہوشی) کے ایسے اعلیٰ ماہرین کی ضرورت ہوتی ہے جو آپریشن کے دوران مریض کے جسم میں ہونے والی حیاتیاتی تبدیلیوں اور بلڈ پریشر کے اتار چڑھاؤ کو سنبھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہوں۔ڈاکٹر ریاض رشید نے مزید کہا:
"یہ پورا آپریشن پیٹ کی دوربین کی مدد سے کیا گیا اور صرف 30 منٹ کے ریکارڈ وقت میں کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ مریضہ کو آپریشن تھیٹر سے ریکوری روم میں منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ مکمل طور پر صحت مند اور خیریت سے ہیں۔"
مریضوں کی خدمت اور جدید ترین سہولیات
طبی میدان میں یہ شاندار کامیابی حرم مقدس حسینی کے سیکرٹریٹ کی جانب سے صحت کے شعبے کو فراہم کی جانے والی مسلسل سرپرستی اور تعاون کا نتیجہ ہے۔ یہ کامیابی سیدہ خدیجہ الکبریٰ (علیہا السلام) ہسپتال کی اس مربوط حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد عراقی شہریوں پر مالی بوجھ کو کم کرنا، دنیا کی جدید ترین طبی ٹیکنالوجی فراہم کرنا اور ملک کے اندر ہی بہترین علاج کی سہولیات میسر کر کے ماہر ترین ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنا ہے۔
