حرم مقدس حسینی کے مضیف ڈیپارٹمنٹ نے محرم الحرام کے لیے اپنے خدماتی اور غذائی منصوبے کی تیاریاں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پلان کے تحت عاشورہ کے مراسمِ عزاداری میں شرکت کے لیے کربلائے معلیٰ آنے والے زائرین کے استقبال کے لیے رش کے دنوں میں روزانہ 1 لاکھ سے زائد کھانے کے پیکٹس فراہم کیے جائیں گے۔
مضیف ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ہیڈ محمد ابراہیم حسن نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "حرم مقدس حسینی کے مضیف ڈیپارٹمنٹ نے محرم الحرام کے لیے اپنا خدماتی اور غذائی پلان فائنل کر لیا ہے۔ اس منصوبے میں عاشورہ کے دوران روزانہ 1 لاکھ سے زائد جبکہ شہدائے کربلا کے تدفین کے دن (13 محرم) کی مناسبت سے مزید ہزاروں اضافی کھانے تقسیم کیے جائیں گے۔"
انہوں نے وضاحت کی کہ "لاکھوں کی تعداد میں آنے والے زائرین کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیپارٹمنٹ نے اپنی پیداواری اور گنجائش کی صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے، جہاں تمام عملہ ایک مربوط اور مرحلہ وار منصوبے کے تحت کام کر رہا ہے تاکہ مضیف کے تمام مراکز پر کھانے کی فراہمی کا سلسلہ بغیر کسی تعطل کے جاری رہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "مضیفِ امام حسین (علیہ السلام) یوں تو سال کے بارہ مہینے زائرین کی خدمت میں مصروف رہتا ہے، لیکن محرم الحرام کے مہینے میں افرادی قوت اور خدماتی کوششوں کو ہائی الرٹ کر دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے زائرین اور عزاداروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کھانے کی تیاری کی صلاحیت کو بڑھانا لازمی ہو جاتا ہے۔"
منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "اس پلان میں اندرونی ہال کا مضیف شامل ہے جو محرم کے ابتدائی دنوں میں روزانہ 5 ہزار کھانوں سے شروعات کرے گا اور رش کے دنوں میں یہ تعداد بڑھ کر 11 ہزار روزانہ سے تجاوز کر جائے گی۔ دوسری طرف، شارع السدرہ پر واقع مضیف 7 محرم سے 10 محرم اور پھر 13 محرم تک روزانہ تین وقت کا کھانا فراہم کرے گا، جس کی کل پیداواری صلاحیت 84 ہزار کھانے روزانہ ہے۔ اس میں 28 ہزار ناشتے، 28 ہزار دوپہر کے کھانے اور 28 ہزار رات کے کھانے شامل ہیں۔"
انہوں نے اشارہ کیا کہ "اس خدماتی پلان میں شارع الشہداء پر واقع ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام 'چائے خانے' کا آپریشن بھی شامل ہے، جو زائرین اور حسینی مواکب کو چائے اور پینے کا پانی فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ باب القبلہ کے پاس پانی کی تقسیم کی وسیع مہم بھی چلائی جائے گی، خاص طور پر دسویں محرم الحرام کے روز جب زائرین کا رش اپنے عروج پر ہوگا۔"
