حرم مقدس حسینی کی جانب سے نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے جشنِ ولادت کے موقع پر منعقد ہونے والے "18ویں بین الاقوامی ربیع الشہادت فیسٹیول" کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں فیسٹیول کی انتظامی کمیٹی نے عراق سے باہر کا دورہ کیا ہے تاکہ مختلف مذہبی اور علمی شخصیات کو باقاعدہ دعوت نامے پیش کیے جا سکیں۔
انتظامی کمیٹی کے رکن اور حرم مقدس حسینی کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ، جناب عبد الامیر طہ المطوری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "حرم مقدس حسینی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے 18ویں بین الاقوامی ربیع الشہادت سیمینارکی انتظامی کمیٹی نے بیرونِ ملک کا دورہ کیا ہے۔ یہ دورہ آئندہ ماہِ شعبان کے آغاز میں امام حسین علیہ السلام کے یومِ ولادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والے سیمینار کی تیاریوں کا حصہ ہے، جس کے دوران نامور مذہبی اور علمی شخصیات کو دعوت نامے دیے گئے ہیں۔"
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ: "وفد نے ایران اور لبنان کا سرکاری دورہ کیا، جہاں ممتاز علماء، فضلاء، مذہبی، فکری اور تعلیمی شخصیات کو دعوت نامے پہنچائے گئے، تاکہ سیمینار کی سرگرمیوں میں ان کی فعال شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔"
ان کا کہنا تھا کہ: "ان دوروں کا مقصد علمی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا اور بااثر فکری شخصیات کو مدعو کرنا ہے، تاکہ امام حسین علیہ السلام کی یاد میں منعقد ہونے والے اس فیسٹیول کے علمی اور ثقافتی پہلوؤں کو مزید بہتر اور توانا بنایا جا سکے۔"
عبد الامیر المطوری نے مزید بتایا کہ: "ربیع الشہادت سیمینار حرم مقدس حسینی کے اہم ترین پروگراموں میں شمار ہوتا ہے کیونکہ اس میں دنیا بھر سے 100 سے زائد ممتاز شخصیات شرکت کرتی ہیں۔"
واضح رہے کہ بین الاقوامی ربیع الشہادت سیمینار ان نمایاں ترین مذہبی اور ثقافتی تقریبات میں سے ایک ہے جو حرم مقدس حسینی کی جانب سے ہر سال کربلا میں سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے جشنِ ولادت کے موقع پر منعقد کیا جاتا ہے۔ اس سیمینار کا مقصد تحریکِ حسینی کے پیغام کو اجاگر کرنا ہے۔
