اپنی انسانی اور طبی خدمات کے سلسلے میں حرم مقدس حسینی کے مرکز سلامتك برائے گھریلو طبی نگہداشت نے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے تعاون سے کربلا میں بین الحرمین شریفین کے مقام پر خون کے عطیہ اور زائرین و شہریوں کے مفت طبی معائنے کی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حمزہ کاظم نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مہم کل بروز جمعرات بین الحرمین شریفین کے مسقف نمبر (1) میں شام 4 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم میں دو بنیادی سرگرمیاں شامل ہیں۔ پہلی سرگرمی کے تحت ماہر طبی اور نرسنگ عملے کی شرکت سے دائمی امراض کی بروقت تشخیص کے لیے مفت طبی معائنے کیے جائیں گے، جبکہ دوسری سرگرمی کے تحت ضرورت مند مریضوں کی مدد اور ان کی زندگیاں بچانے کے مقصد سے خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم چلائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات حرم مقدس حسینی کی جانب سے زائرین اور شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا حصہ ہیں۔ اس سلسلے میں تمام طبی معائنے مکمل طور پر مفت ہوں گے، جن میں دائمی امراض کی تشخیص اور مراجعین کو ضروری طبی مشوروں کی فراہمی بھی شامل ہے۔
یہ مہم حرم مقدس حسینی کے مختلف شعبوں اور خصوصی مراکز کے باہمی تعاون سے جاری صحت و طبی خدمات کے پروگراموں کا حصہ ہے، جس کا مقصد معاشرتی سطح پر صحت کی دیکھ بھال کو فروغ دینا اور زائرین و شہریوں کے لیے طبی سہولیات کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔
