حرم مقدس حسینی کے شعبہ تعلقات عامہ نے اعلان کیا ہے کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر 2500 خصوصی پاس جاری کیے گئے ہیں، جوحرم مقدس حسینی کی خدماتی گاڑیوں اور حسینی مواکب کے لیے مخصوص ہیں۔
محکمہ تشریفات کے سربراہ عباس المحنا نے بتایا کہ حرم مقدس حسینی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مدیر اعلیٰ عبد الامیر طہ المطوری کی نگرانی میں 2500 پاس جاری کیے گئے ہیں، جو کہ حرم مقدس حسینی کے مختلف شعبوں کی خدماتی گاڑیوں اور حسینی خدماتی مواکب کے لیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ پاس سیکیورٹی چیک پوائنٹس کی وجہ سے جاری کیے گئے ہیں، تاکہ چہلم حسینی کے دوران داخلے میں آسانی ہو اور زائرین کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں، کیونکہ اس موقع پر لاکھوں زائرین عراق کے اندر اور باہر سے آتے ہیں۔"
حرم مقدس حسینی اپنے تمام شعبوں، عملے، اداروں، اور مراکز کو اعلیٰ دینی مرجعیت کے نمائندے اور متولی علامہ شیخ عبدالمہدی کربلائی کی ہدایات کے مطابق زائرین کو بہترین طبی، صحت کی خدمات اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار کرتی ہے۔