ہندہ کا خواب میں حضور کو دیکھنا اور درِ زندان میں آکر پوچھنا کہ قیدیو! یہ بتاوٴ کہ تم نے میری شہزادی زینب سلام اللہ علیہا کوجانتی ہو؟
امام حسین علیہ السلام کا سب سے بڑا دشمن تھا یزید لعین مگر آخر میں مجبو رہوکر اسے بھی دربار میں کہنا پڑا: خدا لعنت کرے ابن زیادلعین پر، اُس نے حسین علیہ السلام کو قتل کر دیا۔ میں نے تو کبھی نہیں کہا تھا۔ اور ایک دن وہ تھا کہ دربار میں فخر سے کہہ رہا تھا : کاش! میرے وہ بزرگ ہوتے جو بدر میں مارے گئے تو مجھے دعائیں دیتے کہ یزید! خدا تیرا بھلا کرے کہ تو نے ہمارا بدلہ لے لیا۔ شراب پیتا جاتا ہے، امام حسین علیہ السلام کے سرِ اقدس سے بے ادبی بھی کر رہا ہے۔ ہاتھ میں ایک بید ہے جو دندانِ مبارک کو لگارہا ہے۔ ذرا طہارت کی بلندی ملاحظہ فرمائیں، اسی دربار میں قتلِ حسین کا الزام ابن زیاد کے سر تھونپنے پر مجبور ہوگیا۔
کون پوچھتا اُس سے کہ اگر تو نے قتل نہیں کروایا تو اِن سیدانیوں کو قید کس نے کروایا؟ بغیر چادروں کے ان کو بازاروں اور دربار میں کون لایا ہے؟ جو رسول زادیاں تھیں، ان سے جو دربار اور قید خانے میں واقعات ہوئے، وہ سب اسی کے حکم سے ہوئے۔ کچھ لوگ اُس کے صرف اِس کہنے پر کہہ دیتے ہیں، وہ تو بے قصور ہے، وہ تو کہہ رہا تھا کہ میں نے تو قتل نہیں کروایا! خیر بہرحال ایسا بھی ہوتا آیا ہے زمانے میں یہ کبھی رہا نہ کرتا اہلِ بیت کو مگر یہ مجبور ہوگیا، اسے یہ پتہ نہ تھا کہ جو اُسے پہلے خلیفہ رسول سمجھتے تھے، اب وہ بھی اس کو شیطان سمجھنے لگیں گے۔ حالت یہ ہوگئی کہ دمشق میں بیٹھی ہوئی عورتوں تک جب یہ خبریں پہنچیں کہ یہ جو قید ہوکر بیبیاں آئی ہیں، یہ تو فاطمہ کی بیٹیاں ہیں تو ایک ہیجان برپا ہوگیا۔ اُن کے مرد جب گھروں میں آتے تھے تو وہ اُن سے کہتی تھیں کہ بے غیرتو! تم نے اپنی ماں بہنوں اور بیٹیوں کو گھروں میں بٹھا رکھا ہے اور تمہارے رسول کی نواسیاں بازاروں میں پھرائی جارہی ہیں؟
یزید کو یہ خبریں پہنچیں کہ اب تو ایک انقلابِ عظیم برپا ہونے والا ہے۔ تب اُس نے اِن اسیروں کی رہائی کا حکم دیا۔ اور اس وقت چونکہ وقت کی ضرورت پڑگئی تھی، وہ سمجھ رہا تھا کہ دنیا مظلوم کی طرفدار بن گئی ہے، فطری حیثیت سے بن جانا چاہئے، لہٰذا طرفدار بن گئی۔ اس لئے اس کو یہ کہنا پڑا کہ میں نے تو کچھ نہیں کیا، قتلِ حسین تو ابن زیاد نے کیا ہے۔
یہ بیبیاں جو قید ہوگئی تھیں، معلوم نہیں کونسا دل تھا اُن کے سینے میں کہ جو کچھ تکالیف پڑتی تھیں، شکر ادا کرتی رہیں، یہاں تک کہ جنابِ زینب سلام اللہ علیہا کے متعلق تو یہ ہے کہ قید خانے میں بھی کوئی رات نماز قضا نہیں ہوئی۔ اللہ اکبر،ارے یہ بیکسی تھی جو شام تک چلی گئیں۔ آپ کو غالباً معلوم ہے یہ شام سے کربلا جب وہ واپس آئی ہیں، یہ تقریباً چودہ مہینے ہیں، محرم کی گیارہ تاریخ کو کربلا سے گئی ہیں اور بیس صفر کو واپس پہنچی ہیں، اور ایک سال ، وہ تقریباً چودہ مہینے میں یہ قید سے رہا ہوکر آئی ہیں۔ قید میں جو کچھ تکالیف اُٹھائی ہیں، وہ اس کے علاوہ تھیں، معلوم نہیں کونسا دل تھا، کسی بی بی کی زبان سے کبھی یہ نکلا ہو کہ ہم کب رہا ہوں گے؟
بس ایک واقعہ کہ یزیدلعین نے کیاکیا مظالم کئے، وہ ہر وقت یہ سوچتا رہتا تھا کہ کن کن طریقوں سے ان بیبیوں کو روحانی صدمات پہنچاؤں تاکہ یہ گھل گھل کر یہیں مر جائیں۔ایک دن اُس کے دل میں خیال آیا اور اس خیال کے آنے کے بعد اپنے گھر گیا، شام کا وقت تھا۔ اُس نے اپنی بیوی سے کہا کہ دیکھو! صبح کو تم شاہانہ لباس پہننا اور کنیزوں کو بھی فاخرہ لباس پہنانا۔ بیوی نے پوچھا کہ کل کوئی عید ہے؟ اُس نے کہا: کچھ قیدیوں کو میں بھیجوں گا، تمہارے سامنے پیش ہوں گے تاکہ ان کو اپنی حالت دیکھ کر اور تمہاری حالت دیکھ کر رنج ہو اور اُن کے دل کُڑھیں اور وہ روحانی صدمہ اُٹھائیں۔ اُس کے دماغ میں یہ چیز نہیں آئی، اگرچہ جانتی تھی مگر وہ سمجھی کہ شاید کوئی دوسرے قیدی آگئے ہوں۔ ایک روز حکم ہوا یزیدلعین کا کہ اُس دروازے میں حسین علیہ السلام کا سر لٹکا دیا جائے اور پھر قیدیوں کو لایا جائے۔
ایک سپاہی نے آکر کہا: زین العابدین علیہ السلام ! تم یہاں رہو گے اور یہ جتنے قیدی ہیں، یہ سب حرم سرائے یزیدلعین میں پیش ہوں گے۔
آپ ذرا دلوں پر ہاتھ رکھ کر سوچئے کہ بیبیوں پر کیا کچھ گزر گئی ہوگی؟ جنابِ زینب سلام اللہ علیہا اُٹھیں اور جنابِ زین العابدین علیہ السلام سے لپٹ گئیں اور فرماتی ہیں:
بیٹا! میں کبھی نہ جاؤں گی، میں ہرگز نہ جاؤں گی۔ امام زین العابدین علیہ السلام نے فرمایا: پھوپھی جان! ہم قیدی ہیں، دربار میں اُس نے ہمیں پیش کیا، اب اگر وہ حرم سرا میں بلا رہا ہے تو چلی جائیے۔ ہمیں بد دعا نہیں کرنا ہے۔ امام حسین آخری وصیت میں فرماگئے ہیں اور آپ کو یاد ہوگا۔ "بہن! جلال میں نہ آجانا، اور بد دعا نہ کرنا ورنہ میری محنتیں ختم ہوجائیں گی"۔
جنابِ زینب سلام اللہ علیہا مجبور ہوکر زندان سے نکلیں۔ صبح کا وقت تھا۔ کچھ دن چڑھا ہوا تھا۔ بیبیاں ساتھ تھیں۔ جنابِ زینب سلام اللہ علیہا کو سب نے اپنے ہالے میں لے رکھا ہے، یہ قیدی جارہے ہیں مگر کس عالم میں جارہے ہیں کہ قدم رکھتے ہیں کہیں اور پڑتا کہیں ہے !ادھر سے یہ قیدی چلے اور اُدھر سے قدرت نے دوسرا انتظام کیا۔ اس وقت یزیدلعین کی بیوی ہندہ سورہی تھی۔ ایک مرتبہ خواب میں دیکھا کہ ایک کنیز دوڑتی ہوئی آرہی ہے کہ راستے سے ہٹ جاؤ۔ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ کی بیٹی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا آرہی ہیں۔ جب اُس نے یہ آواز سنی تو وہ گھبرا کر ایک طرف ہوگئی۔ اب جودیکھتی ہے کہ چند بیبیاں ہیں جو اپنے منہ پر طمانچے مارتی ہوئی آرہی ہیں،"واحسیناہُ، وامظلوماہُ"کہتی ہوئی آرہی ہیں اور جس وقت اُس کے قریب آئیں، اُسے پہچان لیا۔ یہ کھڑی ہوگئی، سلام کیا اور پوچھا: میری شہزادی ! آپ یہاں کیسے آئیں؟ تو فرماتی ہیں: میں تیرے پاس نہیں آئی، میری زینب سلام اللہ علیہا آرہی ہے، میں اُس کیلئے یہاں آئی ہوں۔