حرم مقدس حسینی کے مرکزِ سلامتك کی جانب سے خصوصی طبی اقدام، سیدہ ام البنین (س) کی مناسبت سے گھریلو طبی خدمات پر 25 فیصد رعایت کا اعلان

حرم مقدس حسینی کے شعبۂ صحت و طبی تعلیم کے ماتحت مرکزِ سلامتك برائے گھریلو طبی نگہداشت نے ایک خصوصی طبی اقدام کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت آئندہ پیر کے روز صرف ایک دن کے لیے گھریلو طبی خدمات کی متعدد سہولیات پر 25 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام سیدہ ام البنین (س) کے یومِ وفات کی مناسبت سے کیا جا رہا ہے۔

مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حمزہ کاظم نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد ان خاندانوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جن میں کسی خاتون کا نام مبارک (فاطمہ، زہراء، بتول یا بنین) ہو۔

انہوں نے بتایا کہ اس رعایتی پیکیج میں متعدد طبی اور صحت کی خدمات شامل ہیں، جن میں ڈاکٹروں اور نرسنگ عملے کے گھریلو دورے، فزیوتھراپی، بچوں کا ختنہ، ایمبولینس کے ذریعے منتقلی، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کی بکنگ، ادویات کی فراہمی اور انہیں مریضوں کے گھروں تک پہنچانے کی سہولت شامل ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس رعایت سے استفادہ کرنے کے لیے پیشگی بکنگ اور متعلقہ خاتون کے نام کی تصدیق کے لیے شناختی دستاویز پیش کرنا ضروری ہوگا۔ تاہم اس رعایت میں لیبارٹری ٹیسٹوں کی فیس شامل نہیں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بکنگ اور اس اقدام سے متعلق تفصیلات معلوم کرنے کے لیے مرکز نے درج ذیل فون نمبرز مختص کیے ہیں:

07884323636

07763323636

واضح رہے کہ یہ اقدام حرم مقدس حسینی کے شعبۂ صحت و طبی تعلیم کی جانب سے خاندانوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا دائرہ وسیع کرنے اور ان کے مالی اخراجات میں کمی لانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس کے تحت جدید طبی خدمات براہِ راست مستحق افراد کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔