حرم مقدس حسینی کے شعبہٴ مواصلات کے گمشدہ افراد کے مراکِز اربعین حسینی پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور مفت کالز کی سہولت فعال

مرجع عالی قدر کے نمائندے شیخ عبد المہدی الکربلائی کی ہدایت اور حرم مقدس حسینی کے سیکرٹری جنرل حسن رشید العبایجی کی براہِ راست نگرانی میں، شعبہٴ مواصلات (کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ) کے قائم کردہ "مراكز المفقودين" زیارتِ اربعین کے دوران زائرین کو اپنوں سے ملوانے، مفت انٹرنیٹ اور مفت مقامی و بین الاقوامی کالز کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

شعبہٴ مواصلات کے سربراہ انجینئر مصطفٰی الشمری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا:

"یہ مراکِز کربلا معلیٰ کی طرف آنے والے تمام راستوں اور حرمین مقدسین کے ارد گرد کے تمام علاقوں کو کور کر رہے ہیں، تاکہ گمشدہ افراد کی تلاش کے عمل کو آسان اور تیز بنایا جا سکے۔"

ان مراکِز کی پیش کردہ جدید ترین خدمات کی تفصیلا درج ذیل ہیں:

آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور فیشل ریکگنیشن: گمشدہ بچوں یا افراد کی تلاش کے لیے جدید ترین ڈیجیٹل ایپس اور Facial Recognition کی اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے تلاش کا عمل انتہائی تیز ہو گیا ہے۔سینٹرلائزڈ نیٹ ورک: تمام مراکِز ایک مرکزی الیکٹرانک نیٹ ورک سے منسلک ہیں۔ کسی بھی ایک سینٹر میں ڈاٹا درج ہوتے ہی وہ تمام مراکِز میں آن لائن دستیاب ہو جاتا ہے، جس سے معلومات کا تبادلہ اور اپنوں تک رسائی منٹوں میں ممکن ہو جاتی ہے۔مفت انٹرنیٹ و مواصلات : زائرین کی سہولت کے لیے مفت وائی فائی کے ساتھ ساتھ مفت لوکل اور انٹرنیشنل کالز کی سہولت دی گئی ہے تاکہ غیر ملکی زائرین اپنے وطن اور خاندان سے رابطہ قائم رکھ سکیں۔کثیر لسانی مترجمین : غیر ملکی زائرین کی رہنمائی کے لیے مختلف زبانوں کے ماہرین و مترجمین موجود ہیں، جن میں اردو، فارسی اور انگریزی زبانیں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی کے شعبہٴ مواصلات کے یہ مراکِز اربعین حسینی کے دوران پیش کی جانے والی نمایاں ترین انسانی خدمات میں سے ایک ہیں، جو سمارٹ ڈیجیٹل سسٹمز کے ذریعے لاکھوں زائرین کے سفر کو محفوظ اور آسان بنا رہے ہیں۔