حرم مقدس حسینی کی "ہبۃ الوارث" کمپنی کی جانب سے حسینی موکبوں کو پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی: روزانہ 23 ہزار کارٹن کی پیداوار جاری

مرجع عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندے اور حرم مقدس حسینی کے متولی شرعی شیخ عبد المہدی الکربلائی کی ہدایت پر، حرم مقدس حسینی سے وابستہ "شركة هبة الوارث" نے زیارتِ اربعین کے سروس پلان کے تحت حسینی موکبوں اور خدماتی اداروں کو پینے کے منرل واٹر کی فراہمی مسلسل جاری رکھی ہوئی ہے۔

کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسام حیدر عبد الزہرہ الزنکی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا:

"پانی کی تیاری اور فراہمی کا یہ کام ماہِ شوال سے شروع کیا گیا تھا جو کہ دن رات (24 گھنٹے) بغیر کسی وقفے کے جاری ہے اور صفر کے مہینے کے اختتام تک مسلسل جاری رہے گا تاکہ تمام موکبوں اور حرم مقدس حسینی کے شعبہ جات کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔"

پروڈکشن اور ڈسٹریبیوشن سے متعلق اہم تفصیلا درج ذیل ہیں:

روزانہ کی پیداوار و سٹوریج: معمل کی روزانہ پیداواری صلاحیت 23 ہزار کارٹن ہے، جبکہ کمپنی کے پاس 3,50,000 کارٹن کی ذخیرہ اندوزی (Storage Capacity) کی گنجائش موجود ہے تاکہ مفت اور سبسیڈائزڈ پانی کی فراہمی کی روانگی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔مقامی خام مال کا استعمال: پیداواری عمل میں استعمال ہونے والا بیشتر خام مال مقامی ہے؛ جس میں (PET) بوتل کا پلاسٹک رول فیکٹری کے اندر ہی تیار کیا جاتا ہے، جبکہ گتے کے کارٹن حرم مقدس حسینی کے اپنے کارٹن معمل سے حاصل کیے جاتے ہیں۔ صرف سیلوفین (پیکنگ فلم) ترکی سے درآمد کی جاتی ہے۔جدید ترین ٹیکنالوجی: پروڈکشن لائنز ترکی کی معروف کمپنی "بیٹا پاک" (Beta Pak) کی جدید ترین مشینری پر مشتمل ہیں، تاکہ مصنوعات کے اعلیٰ معیار اور پیداوار کے تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے۔

واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی کربلا معلیٰ کی طرف آنے والے تمام راستوں پر ملینز زائرین اور حسینی موکبوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہا ہے۔