حرم مقدس حسینی کے سفیرِ امام حسین (ع) سرجیکل سپیشلٹی ہسپتال کا بڑا اقدام: اربعین حسینی کے موقع پر CCU اور ICU یونٹس کا افتتاح

اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے لیے اپنے خصوصی طبی پلان کے تحت، حرم مقدس حسینی سے وابستہ "مستشفى سفير الإمام الحسين (ع) الجراحي التخصصي" نے نازک اور انتہائی اہم طبی صورت حال کے مریضوں کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لیے کارڈیو ویسکولر کیئر یونٹ (CCU) اور انٹینسیو کیئر یونٹ (ICU) کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق:

"یہ دونوں نئے یونٹس اربعینِ حسینی کے موقع پر تیار کردہ ہیلتھ پلان کا حصہ ہیں، تاکہ کربلا معلیٰ آنے والے ملینز زائرین میں سے کسی بھی ایمرجنسی یا انتہائی شدید مریض کو موقع پر ہی سپیشلائزڈ طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔"

افتتاح کیے گئے یونٹس اور سہولیات کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

کارڈیاک کیئر یونٹ (CCU): اس یونٹ میں دل کی مختلف بیماریوں، جیسے کہ ہارٹ فیلئر، ایکیوٹ کورونری سنڈروم، ہارٹ اٹیک ، سینے کا درد، ان اسٹیبل انجائنا اور دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی (Arrhythmias) میں مبتلا مریضوں کا ایمرجنسی علاج کیا جائے گا۔سپیشلائزڈ میڈیکل ٹیمیں: ماہر قلبیات (Cardiologists) اور تربیت یافتہ نرسنگ سٹاف کی زیرِ نگرانی مریضوں کو فوری فرسٹ ایڈ اور خصوصی ادویاتی و طبی علاج فراہم کیا جائے گا۔ایڈوانس ریفرل سسٹم: ضروری ابتدائی طبی امداد اور ٹیسٹوں کے بعد، جن مریضوں کو مزید پیچیدہ آپریشن یا جدید علاج کی ضرورت ہوگی، انہیں فوری طور پر متعلقہ کارڈیک سینٹرز اور ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی نے اربعینِ حسینی کے اس عظیم الشان اجتماع کے پیشِ نظر اپنے تمام طبی، سروس، انجینئرنگ، اور لوجسٹک اداروں کو الرٹ کر رکھا ہے۔ کربلا کی تمام اہم شاہراہوں اور بارڈرز پر زائرینِ امام حسین علیہ السلام کو 24 گھنٹے مفت اور معیاری طبی و دیگر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔