حرم مقدس حسینی کا شعبہٴ آلات و نقلیات: اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کے لیے 24 گھنٹے گاڑیوں اور ایمبولینسز کا بڑا فلیٹ فعال

حرم مقدس حسینی اپنے شعبہٴ ٹرانسپورٹیشن کے ذریعے زیارتِ اربعین کے لیے تیار کردہ خصوصی سروس پلان پر مکمل طوری پر عمل پیرا ہے۔ اس کا مقصد زائرین کی نقل و حرکت کو روان رکھنا اور کربلا معلیٰ شہر کے اندر اور اس کی طرف آنے والے تمام اہم راستوں پر خدماتی موکبوں اور مقامات کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنا ہے۔

شعبہٴ آلات و نقلیات کے سربراہ عادل الموسوی نے رسمی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا:

"شعبے نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو متحرک کر دیا ہے اور زائرین کی ضروریات کو پورا کرنے اور حرم مقدس حسینی کے مختلف شعبہ جات کو 24 گھنٹے مدد فراہم کرنے کے لیے ہر قسم کی خصوصی اور خدماتی گاڑیاں تیار کی ہیں۔"

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس پلان کے تحت:

زائرین کی منتقلی: کربلا معلیٰ میں ٹریفک کی بندش والے علاقوں سے زائرین کو روضہ مبارک کے قریب ترین مقام تک پہنچانے کے لیے مخصوص گاڑیاں، کوسٹر بسیں اور الیکٹرک چیئر کاریں تعینات کی گئی ہیں۔طبی سہولیات: ایمرجنسی صورت حال سے فوری نپٹنے اور بہترین طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر ضروری آلات سے لیس ایمبولینسز ہمہ وقت تیار ہیں۔لاجسٹک سپورٹ: دیگر عراقی صوبوں سے کربلا تک برف اور پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے خصوصی واٹر ٹینکرز اور نقل و حمل کی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں تاکہ حسینی موکبوں اور زائرین کو پانی و برف کی کمی کا سامنا نہ ہو۔بارڈر ٹرانسپورٹ: زائرین کی سہولت اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے کربلا معلیٰ سے 'زرباطیہ' بارڈر کراسنگ تک اور بارڈر سے کربلا تک زائرین کے لیے مفت بس سروس جاری ہے۔

واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی کا شعبہٴ آلات زیارتِ اربعین کے موقع پر ایک بنیادی کردار ادا کر رہا ہے، تاکہ دنیا بھر سے آنے والے ملینز زائرینِ امام حسین علیہ السلام کو بہترین سہولیات اور ہموار سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔