حرم مقدس حسینی کے اسٹریٹجک پروجیکٹس ڈیپارٹمنٹ نے کربلا معلیٰ میں تعلیمی انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبے کو وسعت دینے کے لیے "وووکیشنل ری ہیبلیٹیشن ہائی اسکول" پر کام جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمے کے سربراہ انجینئر محمد ضیاء محمد گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "حرم مقدس حسینی کا اسٹریٹجک پروجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کربلا میں تعلیمی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے اسکول پر تعمیراتی کام پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہے۔"
انہوں نے وضاحت کی کہ: "یہ منصوبہ تعلیمی شعبے کے لیے ایک گراں قدر اضافہ ہے، جو کل 14,150 مربع میٹر رقبے پر محیط ہے اور اس میں جدید ترین تعمیراتی و تعلیمی معیارات کے مطابق تیار کردہ 18 مکمل کلاس رومز کی گنجائش موجود ہے۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ: "یہ عمارت دو منزلوں پر مشتمل ہے۔ گراؤنڈ فلور کا تعمیراتی رقبہ 1,551 مربع میٹر ہے، جس میں 8 کلاس رومز (ہر کلاس کا رقبہ 48 مربع میٹر)، ایک سائنس لیب، انتظامیہ، اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ کے لیے دفاتر، کیفے ٹیریا، طلبہ کے لیے چینجنگ رومز، 384 مربع میٹر کا کھلا اندرونی باغ (انڈور گارڈن) اور اساتذہ و طلبہ کے لیے علیحدہ واش رومز شامل ہیں۔"
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ: "فرسٹ فلور کا تعمیراتی رقبہ 1,524 مربع میٹر ہے، جس میں مختلف سائز کے 10 کلاس رومز، اسپیشلائزڈ لیبز اور تین بڑی پریکٹیکل ورکشاپس (جن میں سے ہر ایک کا رقبہ 137 مربع میٹر ہے) شامل ہیں تاکہ طلبہ کی عملی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارا جا سکے۔ اس منزل کا آرکیٹیکچرل ڈیزائن نہایت منفرد ہے، جس کا درمیانی حصہ گراؤنڈ فلور کی طرف کھلتا ہے، جو قدرتی روشنی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عمارت کو ایک جدید اور خوبصورت لک دیتا ہے۔"
انجینئر محمد ضیاء نے اشارہ کیا کہ: "تکنیکی عملے نے منصوبے کی بنیادوں کی بھرائی کا کام مکمل کر لیا ہے اور فرسٹ فلور کے ستونوں کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے"، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "کام کے تمام مراحل کا لیبارٹری میں باریک بینی سے معائنہ کیا جاتا ہے اور یہ تمام تعمیرات ماہر انجینئرز کی نگرانی میں اعلیٰ ترین منظور شدہ تکنیکی اور انجینئرنگ معیارات کے مطابق کی جا رہی ہیں۔"
اس منصوبے کے ذریعے حرم مقدس حسینی تعلیمی شعبے بالخصوص ووکیشنل ٹریننگ کی مسلسل سرپرستی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، تاکہ ایسی ہنرمند نوجوان نسل تیار کی جا سکے جو مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے معاشرے کی خدمت کر سکے۔
