موبائل ہسپتال، ایمبولینسیں اور پیرامیڈیکس عملہ؛ عیدِ غدیر پر نجف اشرف میں حرم مقدس حسینی اور حرم مطہر علوی کی مشترکہ طبی خدمات بحال

مرجعیت اعلیٰ کے نمائندے کی براہِ راست ہدایت پر، حرم مقدس حسینی کے ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتھارٹی سے وابستہ "سلامتک فار ہیلتھ اینڈ ہوم کیئر سینٹر" نے عیدِ غدیرِ سعید کے موقع پر نجف اشرف میں حضرت امام علی علیہ السلام کے زائرین کو طبی خدمات اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ایک مکمل موبائل ہسپتال قائم کرنے، متعدد ایمبولینسیں تعینات کرنے اور ماہر طبی ٹیمیں روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حمزہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "مرجعیت اعلیٰ کے نمائندے شیخ عبدالمہدی الکربلائی کی براہِ راست ہدایت پر، حرم مقدس حسینی کی ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتھارٹی کے سلامتک سینٹر نے عیدِ غدیر کے پرمسرت موقع پر نجف اشرف میں زائرینِ امام علی علیہ السلام کی خدمت کے لیے ایک مکمل موبائل ہسپتال نصب کر دیا ہے اور متعدد ایمبولینسوں اور ماہر طبی ٹیموں کو متحرک کیا ہے۔"

انہوں نے وضاحت کی کہ: "مرکز کی جانب سے قائم کردہ یہ موبائل ہسپتال زندگی بچانے والے جدید ترین طبی آلات اور صحت کی سہولیات سے لیس ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زائرین کو عبادات کی ادائیگی کے دوران اپنی صحت برقرار رکھنے، تیز دھوپ اور درجہ حرارت کی شدت کے خطرات سے بچنے کے لیے آگاہی اور رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ: "مرکز نے حرم مطہر علوی کے ساتھ بہترین ہم آہنگی کے تحت فوری رسپانس والی ایمبولینسیں مختص کی ہیں، تاکہ ایسی تشویشناک حالت کے مریضوں کو منتقل کیا جا سکے جنہیں ماہرانہ علاج کے لیے بڑے ہسپتالوں میں بھیجنا ضروری ہو۔"

انہوں نے بتایا کہ: "علاج اور طبی خدمات اعلیٰ ترین معیار اور حفاظتی اصولوں کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں۔ ماہر ڈاکٹروں کی جانب سے مریضوں کی حالت کی درست تشخیص کے بعد تمام عمر کے افراد کے لیے مکمل اور زندگی بچانے والی ادویات کا نظام دستیاب کیا گیا ہے۔"

انہوں نے اشارہ کیا کہ: "منصوبے کے تحت زائرین کی آمد و رفت کو آسان بنانے اور مدد فراہم کرنے کے لیے حضرت امام علی علیہ السلام کے بابِ قبلہ پر سٹریچر اٹھانے والے عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صحنِ حیدری شریف میں موبائل پیرامیڈیکس (متحرک طبی عملے) کی ٹیمیں بھی پھیلا دی گئی ہیں، جو اپنے ساتھ تمام ضروری سامان سے لیس میڈیکل بیگز لیے ہوئے ہیں تاکہ زائرین کی نبض و دیگر علاماتِ زندگی کا معائنہ کیا جا سکے اور موقع پر ہی فوری ابتدائی طبی امداد دی جا سکے۔"

: Toseef Raza Khan