مرکزی تقاریب اور متعدد صوبے؛ حرم مقدس حسینی کی جانب سے عیدِ غدیر کا جشن منانے کے لیے خصوصی پروگرام کا اعلان

حرم مقدس حسینی کے مذہبی میلاد و مناسبات شعبے نے کربلا معلیٰ اور عراق کے متعدد دیگر صوبوں میں عیدِ غدیرِ سعید کی مناسبت سے اپنے خصوصی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد اس عظیم مناسبت سے جڑے اقدار و مفاہیم کو راسخ کرنا اور اس کے مذہبی و فکری پہلوؤں کو نمایاں کرنا ہے۔

شعبے کے انچارج جناب حمزہ السلامی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "حرم مقدس حسینی کے مذہبی میلاد و مناسبات شعبے نے کربلا اور عراق کے مختلف صوبوں میں عیدِ غدیر کی مناسبت سے اپنے خصوصی پروگرام کا اعلان کیا ہے، تاکہ اس عظیم دن کی اہمیت اور اس کے فکری ابعاد کو اجاگر کیا جا سکے۔"

انہوں نے وضاحت کی کہ: "مرجعیت اعلیٰ کے نمائندے شیخ عبدالمہدی الکربلائی اور حرم مقدس حسینی کے سیکرٹری جنرل جناب حسن رشید العبایجی نے عیدِ غدیر کی سرگرمیوں کے انعقاد میں حصہ لینے والے تمام فریقین کی بھرپور حمایت اور سرپرستی کرتے ہوئے اس مبارک مناسبت کو خصوصی اہمیت دی ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ: "مرکزی تقریب صحنِ حسینی شریف میں 3 جون سے شروع ہوگی جو 3 دن تک جاری رہے گی۔ اس میں تقاریر، قصائد، شعری نشستیں، منقبت خوانی اور شرکاء میں انعامات کی تقسیم شامل ہے۔" انہوں نے اشارہ کیا کہ: "پروگرام کے تحت 'البدور المنیرہ فاؤنڈیشن فار فائن آرٹس' کے تعاون سے 2 جون کو 'غدیر خم بین الاقوامی دسویں نمائش' کا افتتاح بھی شامل ہے، جس میں متنوع فن پارے پیش کیے جائیں گے۔"

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ: "پروگرام کے مطابق 3 جون کو مغرب اور عشاء کی نماز کے بعد صحنِ عقیلہ زینب (سلام اللہ علیہا) میں حرم مطہر علوی کا پرچم لہرایا جائے گا، جو دیگر عتبات عالیہ کے تعاون سے عیدِ غدیر کی تقاریب کے باقاعدہ آغاز کی علامت ہوگا۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ: "حرم مقدس حسینی اپنی سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے ایک آن لائن کوئز بھی منعقد کرے گا جس میں اس مناسبت سے متعلق سوالات شامل ہوں گے اور جیتنے والوں کے لیے خصوصی انعامات رکھے گئے ہیں۔"

انہوں نے بتایا کہ: "حرم مقدس حسینی، اہالیانِ کربلا کے موکب کے تعاون سے 3 جون کو نجف اشرف میں ایک خصوصی جشن کا اہتمام کرے گا، جبکہ مواکبِ حسینیہ کے تعاون سے صوبہ مثنیٰ کے شہر سماوہ میں بھی ایک تقریب منعقد کی جائے گی۔"

انہوں نے اشارہ کیا کہ: "حرمِ مقدس کے دیگر شعبہ جات عیدِ غدیر کے اس وسیع پروگرام کے تحت صوبہ قادسیہ کے شہر دیوانیہ، صوبہ نینویٰ کے ضلع تلعفر، صوبہ واسط کے شہر کوت سمیت دارالحکومت بغداد اور کاظمیہ مقدسہ میں بھی مختلف تقاریب اور سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے۔"

واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی ہر سال کربلا کے اندر اور باہر متنوع مذہبی، ثقافتی اور فنی پروگراموں کے ذریعے عیدِ غدیر کا جشن منانے کا خصوصی اہتمام کرتا ہے، تاکہ اس عظیم مناسبت کے اخلاقی، انسانی اور مذہبی پیغام کو عام کیا جا سکے۔

: Toseef Raza Khan