جدید طریقوں سے مذہبی اور ثقافتی بیداری کے فروغ کے لیے.. حرم مقدس حسینی نے "عرفنی حجتک" ایپلی کیشن لانچ کر دی

حرم مقدس حسینی کے شعبہ تعلیم و تربیت نے جدید اور انٹرایکٹو طریقوں سے سیکھنے والوں میں مذہبی اور ثقافتی بیداری کو فروغ دینے کے مقصد سے ایک نئی ایپلی کیشن (عرفنی حجتک) لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شعبہ کے اسسٹنٹ ہیڈ ڈاکٹر علاء الصالحی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "حرم مقدس حسینی کے شعبہ تعلیم و تربیت نے (عرفنی حجتک) ایپلی کیشن لانچ کی ہے، جس کا مقصد جدید اور انٹرایکٹو طریقوں سے سیکھنے والوں میں مذہبی اور ثقافتی شعور کو بیدار کرنا ہے۔"

انہوں نے وضاحت کی کہ "(عرفنی حجتک) ایپلی کیشن کا شمار بامقصد ایپلی کیشنز اور گیمز میں ہوتا ہے، کیونکہ یہ ایک مسابقتی اور انٹرایکٹو انداز میں پوچھے گئے سوالات اور کہانیوں کے ذریعے امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف) کے بارے میں خصوصی علمی مواد فراہم کرتی ہے جو سیکھنے والوں کو اپنی طرف راغب کرتا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "اس ایپلی کیشن کا مقصد مذہبی علم پہنچانا اور سیکھنے والوں کا اپنے زمانے کے امام کے ساتھ تعلق کو ایک دلچسپ اور پسندیدہ انداز میں مضبوط کرنا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ان کے فارغ وقت کو سائنسی اور تعلیمی طور پر فائدہ مند بنانا ہے۔"

ڈاکٹر علاء الصالحی نے یہ بھی بتایا کہ "یہ ایپلی کیشن طلبہ کو فضول اور بے مقصد گیمز میں وقت ضائع کرنے سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوگی، کیونکہ یہ ایک ایسا متبادل فراہم کرتی ہے جو فائدے اور تفریح دونوں کو یکجا کرتا ہے، اور نئی نسل میں مہدوی ثقافت کو راسخ کرنے میں مدد دیتا ہے۔" انہوں نے اشارہ کیا کہ یہ ایپلی کیشن (IOS اور Android) دونوں سسٹمز پر دستیاب ہے۔

واضح رہے کہ اس ایپلی کیشن کا اجراء حرم مقدس حسینی سے وابستہ 'وارث تعلیمی گروپ' کے اسکولوں کی جانب سے پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جو کہ ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی و تربیتی سفر کی حمایت کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔

: Toseef Raza Khan