متنوع طبی خدمات۔۔۔ سفیر امام حسین (علیہ السلام) ہسپتال نے صوبہ دیالی کی جانب طبی وفد روانہ کیا

اعلیٰ دینی قیادت کے نمائندے شیخ عبد المہدی کربلائی کی ہدایت پر، اور اپنے جاری صحت اور انسانی فلاح و بہبود کے پروگراموں کے ضمن میں، سفیر امام حسین (علیہ السلام) سرجیکل ہسپتال نے صوبہ دیالی میں ایک مکمل طبی وفد روانہ کیا۔ اس وفد میں متعدد ماہر ڈاکٹرز اور معاون طبی عملہ شامل تھا، جس کا مقصد شہریوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔

ہسپتال کے انتظامی ڈائریکٹر انجینئر عباس عبد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "سفیر امام حسین (علیہ السلام) سرجیکل ہسپتال نے اپنے جاری انسانی پروگراموں کے تحت اور ماہر طبی عملے کی نگرانی میں صوبہ دیالی کی جانب ایک مکمل طبی ٹیم بھیجی ہے۔"

انہوں نے وضاحت کی کہ "یہ طبی قافلہ اپنی نوعیت کا پہلا نہیں ہے، اس سے قبل بھی عراق کے متعدد صوبوں میں طبی وفود بھیجے جا چکے ہیں، اور ضرورت مند علاقوں تک مفت طبی خدمات پہنچانے کے لیے ہسپتال کے منصوبے کے تحت یہ سلسلہ جاری رہے گا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "طبی عملے نے مختلف امراض کے معائنے، تشخیص اور علاج سمیت دیگر خدمات فراہم کیں، اس کے علاوہ متعدد مریضوں کو کربلا میں ہسپتال کے اندر سرجری (آپریشن) کے لیے ریفر بھی کیا گیا۔"

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "حرم مقدس حسینی کا پیغام صرف کربلا تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ اپنے صحت اور خدماتی منصوبوں میں انسانی پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے عراق کے تمام صوبوں تک پھیلا ہوا ہے۔" انہوں نے اشارہ کیا کہ "یہ قافلے جاری رہیں گے اور مستقبل میں دیگر صوبوں کے بھی دورے کیے جائیں گے، اور حرم مقدس حسینی کی جانب سے فراہم کردہ تمام خدمات ملک بھر کے تمام ضرورت مند مریضوں کے لیے دستیاب ہیں۔"

حرم مقدس حسینی اپنے صحت کے اداروں کے ذریعے عراق کے مختلف علاقوں میں معیاری طبی خدمات پہنچا کر اپنے انسانی وژن کو عملی جامہ پہنا رہا ہے، جو کہ امام حسین (علیہ السلام) کے اصولوں سے ماخوذ اس پیغام کی تائید ہے کہ انسان جہاں بھی ہو اس کی خدمت کی جائے۔

: توصیف رضا خان