تلاوت اور تفسیر سمجھنے میں آسانی کے لیے۔۔۔ روضہ مبارک امام حسینؑ کے سیکرٹری جنرل نے QR کوڈ ٹیکنالوجی سے آراستہ قرآنِ مجید کے نسخوں کی تقسیم کا آغاز

روضہ مبارک حضرت امام حسینؑ کے سیکرٹری جنرل جناب حسن رشید جواد العبایجی نے قرآن مجید کے ایسے نسخے تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں QR کوڈ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ اس جدید طریقے کا مقصد قرآن کریم کی صحیح تلاوت اور فہم کو آسان بنانا ہے۔ ہر صفحے پر موجود QR کوڈ کو اسکین کر کے صارفین قرآنی متن تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے، اس کے علاوہ اسمارٹ فون کے ذریعے آیات کی جامع تفسیر اور مشہور قاریوں کی تلاوت بھی سن سکیں گے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ’’یہ بارکوڈ انتہائی جدید تکنیکی انداز میں قرآن کے ہر صفحے پر لگایا گیا ہے تاکہ تلاوت، مطالعہ اور قرآنی مضامین تک رسائی مزید آسان ہو جائے۔ اس کے ذریعے قاری اپنی پسند کے قاری یا تفسیر کا انتخاب بھی آسانی سے کر سکتا ہے۔‘‘

یہ قدم روضہ مبارک حضرت امام حسینؑ کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قرآن کریم کی تفہیم اور اس کے معانی تک قارئین کی آسان رسائی کو یقینی بناتی ہیں۔