سیکرٹری جنرل حرم مقدس حسینی: رمضان المبارک میں قرآنی محافل اور آگاہی، تعلیم و اخلاقیات پر مبنی پروگرامز ہماری اولین ترجیح ہیں

حرم مقدس حسینی کے سیکرٹری جنرل جناب حسن رشید العبایجی نے واضح کیا کہ قرآن کریم سے متعلق منعقد ہونے والے محافل اور پروگرامز، بالخصوص آگاہی، تعلیم و تربیت اور اخلاقیات کے شعبوں میں، ماہِ رمضان کے دوران ادارت حرم کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ حرم مقدس حسینی، پورے ماہِ رمضان المبارک میں اپنا خصوصی قرآنی محفل منعقد کرتی ہے، جس میں قرآنِ پاک کی تلاوت اور اس کی تفسیر پر توجہ مرکوز ہوتی ہے، تاکہ معاشرے میں دینی شعور اور قرآنی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے۔

حرم مقدس حسینی کے سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ "حرم مقدس حسینی، رمضان المبارک کے تمام ایام میں محفلِ قرآنی کا اہتمام کر رہی ہے۔" انہوں نے کہا، "اس مقدس مہینے کے دوران، حرم مقدس حسینی کی توجہ زیادہ تر محافلِ قرآنی کے انعقاد، قرآن پاک کی تلاوت اور اس کی تفسیر پر مرکوز ہے، تاکہ معاشرے میں دینی اور قرآنی شعور اجاگر کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا، "بطور ایک شرعی ادارہ، ہم محافلِ قرآنی، تلاوت و تفسیرِ قرآن پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور تمام مومنین کے لیے تلاوت کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ رمضان المبارک کو ربیعُ القرآن کہا جاتا ہے، اور اسی لیے حرم مقدس حسینی کے مرکزی مقام پر ایک بڑی محفلِ قرآنی منعقد کی جاتی ہے، جس کی نشریات پوری دنیا تک پہنچتی ہیں۔"

ان کا کہنا تھا، "دیگر صوبوں میں بھی محافلِ قرآنی منعقد کی جاتی ہیں، اس کے علاوہ خواتین اور مرد حضرات کے لیے قرآن کی تفسیر کے حلقے بھی ترتیب دیے جاتے ہیں۔ قرآن پاک حرم مقدس حسینی کا بنیادی محور ہے اور ہم اپنے اہم ترین پروگرامز میں اس پر توجہ دیتے ہیں، تاکہ آگہی، تعلیم و تربیت اور اخلاقی سطح پر بہتری آئے۔"

شہرِ کربلا میں زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے، سیکرٹری جنرل نے زور دے کر کہا، "حرم مقدس حسینی نے رمضان المبارک کے دوران زائرین کے آرام و آسائش کے لیے ہر ممکن انتظام کیا ہے۔" انہوں نے واضح کیا کہ "عُتبہ روزانہ کی بنیاد پر شہرِ کربلا آنے والے زائرین کے لیے افطار اور سحری کا انتظام کرتی ہے۔"

انہوں نے مزید کہا، "ہم زائرین کو زیارات اور نمازوں کی ادائیگی کے لیے ضروری سہولیات اور افطار کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ یہ ہمارے خاص پروگرامز میں سے ایک ہے، جو بیرونِ شہر سے آنے والے زائرین کے لیے ترتیب دیا جاتا ہے، اور اس ضمن میں زائرین کو ہر قسم کی سہولت بہم پہنچائی جاتی ہے۔"

قابل ذکر ہے کہ حرم مقدس حسینی ماہِ رمضان المبارک کے دوران دینی آگاہی کے فروغ کے لیے محافلِ قرآنی اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام جاری رکھے ہوئے ہے، ساتھ ہی زائرین کے لیے اعلیٰ درجے کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ اس مقدس مہینے میں انہیں مکمل سکون اور روحانی فضا میسر آئے۔